دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف

Published on July 2, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 636)      No Comments
44
اتحاد کی قوت سے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، پاک ا فواج وطن عزیز کی بقاء، سلامتی اور استحکام کیلئے امن کے دشمنوں سے برسرپیکار ہیں، پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، اراکین اسمبلی رمضان پیکیج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے موثر کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی اراکین اسمبلی سے گفتگو
لاہور ۔۔۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد اور پر عزم ہے ۔انشاء اللہ اتحاد کی قوت سے ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلا کر امن و سلامتی کاگہوارہ بنائیں گے۔پاک افواج وطن عزیز کی بقاء ،سلامتی اور استحکام کیلئے امن کے دشمنوں کے خلاف بر سرپیکار ہیں ۔پوری قوم کو اپنی بہادر افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور بہادری و جرات پر فخر ہے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج نے بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں اورقوم پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ کے دوران شمالی وزیرستان کے پختون بہن بھائیوں کواپنے گھر بار چھوڑنا پڑے تاہم مصیبت کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت خیبر پختونخواہ کے بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اوربے گھر ہونے والے افراد کی اپنے گھروں میں واپسی اورمکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ منگل کو یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آئی ڈی پیزکی مدد اورانہیں ریلیف کی فراہمی کے لئے 50کروڑ روپے کا ’’چیف منسٹر زریلیف فنڈ‘‘پہلے ہی قائم کردیا ہے جبکہ 10کروڑ مالیت کی امدادی اشیاء بھی 50ٹرکوں کے ذریعے بھجوائی جاچکی ہیں ۔بے گھر ہونے والے پختون بھائیوں کی مدد کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔پنجاب حکومت نے امدادی اشیاء کی فراہمی کے علاوہ متاثرین کو نقد مالی امداد کی فراہمی کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ اپنی ضروریات کے مطابق اشیائے ضروریہ خرید سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا، بے گھر ہونے والے پختون بھائیوں کی تکالیف اوران کو درپیش مسائل کا پوری طرح ادراک ہے ۔وفاقی حکومت بھی متاثرین کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے اور پنجاب حکومت بھی مصیبت میں گھرے اپنے بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کرنا ہمارا دینی،اخلاقی اورقومی فریضہ ہے ۔میری مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ آئی ڈی پیز کی مدد کے لیے ’’چیف منسٹر زریلیف فنڈ ‘‘میں دل کھول کر عطیات دیں ،ہم امین بن کر ایک ایک پائی متاثرین تک پہنچائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے اورپاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محورہی عوام کی خدمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت گزشتہ6سالوں سے عوام کی بے لوث خدمت کررہی ہے ۔ہر سال کی طرح اس سال بھی ماہ رمضان کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے تاریخی رمضان پیکیج کا اعلان کیا ہے ۔
Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog