ڈنمارک بے گھر افراد کی امداد کے لیے 1.6 ملین امریکن ڈالر فراہم کرے گا

Published on January 10, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 494)      No Comments

Flag-Pins-Pakistan-Denmarkاسلام آباد(یو این پی) ڈنمارک کی حکومت جنوبی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں بے گھر افراد کی امداد کے لیے 1.6 ملین امریکن ڈالر فراہم کرے گی۔متاثرہ علاقوں میں یہ امداد اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے ذریعے خرچ کی جائے گی، جس میں بچوں اور خواتین پر خصوصی توجہ دی جاے گی۔
ہفتے کے روز اس امداد کا اعلان کرتے ہوے ڈنمارک کے پاکستان میں سفیر جسپر ایم سورنسن نے کہا کہ بے گھر افراد کا مسئلہ بڑا پیچیدہ ہے اور اس وقت مختلف تنازعات کی وجہ سے پاکستان کو غیر معمولی حالات اور سنجیدہ چیلنجز درپیش ہیں ،بے گھر افراد کی صورتحال بھی بہت خراب ہے اور ان میں زیادہ تر تعداد بچوں اور عورتوں کی ہے، آج ایک ملین بچے اور عورتیں بغیر سماجی تحفظ کے زندگی گزار رہے ہیں۔ ڈنمارک کے سفیر جسپر ایم سورنسن نے کہا بے گھر افراد کے لیے ہماری امداد کا مقصد حکومت اور امدادی اداروں کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد میں خصوصی طور پر بچوں اور خواتین کی ضروریات کا خیال رکھنا ہے۔

جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے نتیجے میں تقریبا نو لاکھ ترانوے ہزار افراد بے گھر ہوے ہیں جن میں تہتر فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں، اس کے علاوہ خیبر ایجنسی اور ملحقہ علاقوں میں آپریشن سے تقریبا چھ لاکھ اڑتیس ہزار افراد بے گھر ہوے ہیں اور خیبر ایجنسی میں اب تک بے گھرہونے والے افراد میں اکیاسی فیصد بچے اور خواتین ہیں۔

ڈنمارک کی طرف سے دی جانے والی امداد سے بے گھر ہونے والے افراد کو ہنگامی پناہ اور سردی سے بچاو کے لیے خیمے ،کھانے پینے کی اشیاء اور ضروریات زندگی کا دیگر سامان فراہم کیا جاے گا۔اس کے علاوہ عارضی رہائش کے لیے سکولز، کمیونٹی اور مذہبی مراکزمیں خیمہ بستیوں کے قیام کے لیے بھی معاونت کی جاے گی،یواین ایچ سی آر بھی نئے کیمپوں کے قیام کے لیے بھی تکنیکی امداد اور کوارڈینیشن کے لیے معاونت کر رہا ہے۔

2005ء کے زلزلے اور سیلاب کے بعد ڈنمارک نے انسانی خدمات کے شعبے میں پاکستان کی امدادکو بڑھا دیا ہے،2010 سے 2013 کے دوران ڈنمارک نے 51.5 ملین ڈالر پاکستان کو امداد کی مد میں دیے ہیں،اس کے علاوہ ڈنمارک پچاس ملین ڈالر پاکستان کو ترقیاتی امداد کی مد میں فراہم کر رہا ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme