جنرل ہسپتال میں رکشہ ڈرائیور کی بیوی کے ہاں بیک وقت چاربچوں کی پیدائش

Published on February 21, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 514)      No Comments

013
لاہور۔۔۔ جنرل ہسپتال میں جمعتہ المبارک کو رکشہ ڈرائیور کی بیوی کے ہاں بیک وقت چاربچوں کی پیدائش ہو ئی ۔ نومولود بچوں میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے جو اپنی ماں سمیت رو بصحت ہیں ۔ اہل خانہ نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے بروقت علاج کرنے پر ڈاکٹروں اور نرسنگ سٹاف کو دعائیں دیں۔ خوشی کے اس موقع پر مریضوں اور ان کے لواحقین میں مٹھائی بھی تقسیم کی ۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ کے رہا ئشی رکشہ ڈرائیور خالد کی 30 سالہ بیوی نازیہ کو گزشتہ صبح ساڑھے تین بجے ایل جی ایچ لایا گیا جہاں لیبر روم کے طبی عملے نے اسے بلا تاخیر زندگی بچانے والی ضروری ادویات دیں اور علاج شروع کیا جس کے بعد اس نے چار بچوں کو جنم دیا ۔ اسسٹنٹ پروفیسر آف گائنی ڈاکٹر نائلہ یاسمین اور ڈاکٹر روبینہ نے ڈلیوری کی نگرانی کی جو نارمل طریقہ سے مکمل ہوئی ۔ چاروں بچوں کا وزن اوسطاً ڈیڑھ سے دو کلو گرام ہے اور ان کی پیدائش بھی قبل از وقت ہوئی۔ ڈاکٹر نائلہ یاسمین نے اس بارے میں بتایا کہ بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش ان کے کیریئر کا پہلا واقعہ ہے جبکہ یورپ میں تو اس قسم کے واقعات ہوتے رہتے ہیں لیکن ہمارے ہاں ایسا کبھی کبھار ہوتا ہے ، یہ اللہ کا انعام ہے۔ بچوں کے باپ رکشہ ڈرائیور خالد نے بتایا کہ پہلے وہ اپنی بیوی کو زچگی کے لئے رائے ونڈ کے مختلف نجی ہسپتالوں میں لے گیا جہاں ڈاکٹروں نے پیچیدہ کیس ہونے کی وجہ سے معذرت کی اور اسے لاہور جنرل ہسپتال لے جانے کا مشورہ دیا۔انہوں نے بتایاکہ ان کی گیارہ سال قبل شادی ہوئی تھی اور اس سے پہلے اس کے چار بچے پیدا ہوئے جن میں سے تین فوت ہو گئے جبکہ ایک بیٹا زندہ ہے جس کی عمر 3 سال ہے ۔ خالد نے اللہ تعالی کا شکر ادا کیا کہ اس نے اسے بیک وقت بیٹوں اور بیٹی سے نواز دیا ہے ۔خالد نے جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں اور سٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا جہاں اس کی بیوی کو حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق علاج معالجہ کی مفت سہولت میسر آئی ۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes