پاکستان نے ورلڈ کپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کو 29 رنز سے ہرا دیا

Published on March 7, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 612)      No Comments

01
میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا، اس فتح کے بعد گرین شرٹس کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوگئے
جنوبی افریقہ کی ٹیم 232 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 202 رنز پر ڈھیر ہوگئی، محمد عرفان، راحت علی اور وہاب ریاض نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، سرفراز احمد کو 49 رنز اور 6 کیچ پکڑنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا
آکلینڈ(یو این پی) پاکستان نے ورلڈ کپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 29 رنز سے شکست دے دی، اس فتح کے بعد قومی ٹیم کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.4 اوورز میں 222 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، مصباح الحق 56 اور سرفراز احمد 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ڈیل سٹین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 47 اوورز میں 232 رنز کا ہدف ملا مگر محمد عرفان، راحت علی اور وہاب ریاض کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث جنوبی افریقن ٹیم 33.3 اوورز میں 202 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اے بی ڈی ولیئرز نے 77 رنز کی دلکش اننگز کھیلی مگر اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ محمد عرفان، راحت علی اور وہاب ریاض نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ کی خاص بات سرفراز احمد کی شاندار بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ تھی جنہوں نے 49 رنز اور وکٹوں کے پیچھے 6 شاندار کیچ پکڑ کر اپنی سلیکشن کو درست ثابت کر دیا۔ انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 29 ویں میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بارش کے باعث پہلے 37 ویں اور پھر 41 ویں اوور میں میچ روکا گیا جس کی وجہ سے پاکستانی اننگز کو 47 اوورز تک محدود کر دیا گیا مگر پاکستان کی پوری ٹیم 46.4 اوورز میں 222 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے سرفراز احمد اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا لیکن آٹھویں اوور میں 30 کے انفرادی سکور پر احمد شہزاد 18 رنز بنا کر کائل ایبٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سرفراز احمد نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور جے پی ڈومنی کو ایک اوور میں تین چھکے لگائے مگر بدقسمتی سے وہ 49 کے انفرادی سکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔ یونس خان تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 37 رنز بناکر اے بی ڈی ولیئرز کا نشانہ بن گئے۔ صہیب مقصود بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 8 رنز بنا کر کائل ایبٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ عمر اکمل ایک بار پھر ناکام رہے اور 13 رنز بنانے کے بعد مورنے مورکل کا شکار بن گئے۔ کپتان مصباح الحق نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ورلڈ کپ کی چوتھی نصف سنچری بناکر ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا، وہ 56 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ شاہد آفریدی 22 ، وہاب ریاض صفر، سہیل خان تین اور راحت علی ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ ڈیل سٹین نے تین جبکہ کائل ایبٹ اور مورنے مورکل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقا کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 47 اوورز میں 232 رنز کا ہدف ملا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 33.3 اوورز میں 202 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی۔ جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ صفر پر گر گئی جب کوئنٹن ڈی کاک محمد عرفان کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ہاشم آملہ اور فاف ڈو پلیسی نے دوسری وکٹ میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دسویں اوور میں ٹیم کا سکور 67 تک لے گئے۔ اس موقع پر راحت علی نے فاف ڈوپلیسی کو 27 کے انفرادی سکور پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے پاکستان کو اہم کامیابی دلا دی، اگلے ہی اوور میں وہاب ریاض نے خطرناک بلے باز ہاشم آملہ کو آؤٹ کرکے جنوبی افریقہ کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، رلی روسو 6 ، ڈیوڈ ملر صفر، جے پی ڈومنی 12 ، ڈیل سٹین 16، کائل ایبٹ 12 اور عمران طاہر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ کپتان اے بی ڈی ولیئرز نے اپنا روایتی کھیل پیش کیا اور 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں پانچ فلک شگاف چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔ محمد عرفان، راحت علی اور وہاب ریاض نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ پہلے دو میچوں میں شکست کے بعد پاکستان کی یہ ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی ہے اور اس کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme