حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدہ ہو گیا،سیاسی کشیدگی ختم

Published on April 2, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 742)      No Comments

Former Pakistani Prime Minister Nawaz Shاسلام آباد (یو این پی) وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن 2013ء کا جائزہ لینے کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ معاہدے پر حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے میڈیا کی موجودگی میں دستخط کئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ہماری خواہش اور کوشش تھی کہ جرگہ کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود ہوتے لیکن جرگہ کے نمائندوں کی شہر میں عدم موجودگی کی وجہ سے وہ اس تقریب میں نہیں آ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 20 مارچ کو جس معاہدے کو حتمی شکل دی گئی تھی اس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ (آج) جمعرات کو جوڈیشل قیام کے حوالے سے آرڈیننس جاری کر دیا جائے کیونکہ جمعہ کو سینیٹ کا اجلاس ہو رہا ہے اور اس وقت آرڈیننس جاری نہیں ہو سکتا۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے کنفیوژن دور ہو جانی چا ہئے، دونوں اطراف سے لچک کا مظاہرہ کیا گیا، اسی وجہ سے ہم کسی حتمی نتیجہ پر پہنچے ہیں، آج جس دستاویز پر دستخط کئے گئے ہیں یہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے دوران طے کئے گئے نکات پر مشتمل ہے جس میں ایک نکتہ بھی تبدیل نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی جتنی جلدی ممکن ہو سکے آرڈیننس بھی جاری کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی ٹیم کے اراکین ظفر اقبال جھگڑا، انوشہ رحمان، بیرسٹر ظفر اللہ اور نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ جو کہ گواہ کے طور پر شامل ہوئے ہیں، کا بھی شکر گزار ہوں اور جرگہ کے اراکین کا بھی جنہوں نے اس سارے عمل میں رہنمائی کی اور خاص طور پر اپنی قیادت وزیراعظم محمد نوازشریف کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیں یہ ذمہ داری دی اور آج یہ دستاویز معاہدے کی شکل میں طے پا گئی ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی نے جو کام کرنا تھا وہ کر دیا گیا ہے۔ آرڈیننس بھی جاری ہو جائے گا اس کے بعد جوڈیشل کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کیلئے 45 دن کی مدت بھی رکھی گئی ہے لیکن کمیشن کو پابند نہیں کیا جا سکتا تاہم توقع کی جا سکتی ہے کہ یہ کام جلدی نمٹایا جائے گا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے آج کے دن کو ملک کی سیاسی تاریخ میں تاریخی دن قرار دیا اور کہا کہ اس سے جمہوری نظام مضبوط ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ جو آج معاہدہ ہوا ہے اس کی روح کو سمجھنے کی ضرورت ہے جس میں اتفاق اور مشاورت کا عمل شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن 2013ء کے انتخابات کے حوالے سے تحقیقات کرے گا اور اس کی روشنی میں آئندہ کیلئے ماحول سازگار ہو گا اور کمیشن کی سفارشات سے انتخابی عمل میں مزید نکھار آئے گا۔ انہوں نے مذاکراتی ٹیم کے ساتھیوں جہانگیر ترین، اسد عمر، عارف علوی، شیریں مزاری اور ٹیم کے دیگر اراکین حفیظ پیرزادہ اور دیگر کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان سب کی مدد اور رہنمائی سے یہ سب کچھ ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے پارلیمانی جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کیا جو اس سارے عمل کا حصہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی دستاویز ہے جس سے جمہوریت مضبوط ہو گی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Premium WordPress Themes