دہشت گردوں کی پناہ گاہیں تباہ کر کے ان کی کمر توڑ دی ہے: نواز شریف

Published on April 3, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 446)      No Comments

03
اسلام آباد (یو این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو 2013ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد بہت سے چیلنجز ورثے میں ملے لیکن حکومت کی پالیسیوں کی بدولت اب تمام اقتصادی اشاریئے دن بدن بہتر ہو رہے ہیں،موجودہ حکومت نے توانائی، تعلیم، معیشت اور انتہا پسندی کے خاتمے کے حوالے سے اپنی ترجیحات کا تعین کر لیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی بینک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں نائب صدر مس انیتی ڈکسن کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی میکرو اکنامک صورتحال بہتر ہو رہی ہے، افراط زر گزشتہ 13 سالوں میں سب سے کم سطح پر ہے اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ مالیاتی خسارہ میں کمی آئی۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون پر ورلڈ بینک کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کئے ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے ہاتھوں بے تحاشا جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے، ہم نے دہشت گردوں کی پناہ گاہیں تباہ کر کے ان کی کمر توڑ دی ہے۔ عارضی نقل مکانی کرنے والے افراد سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان آپریشن ضرب عضب کے باعث نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے نقل مکانی کرنے والوں کے لئے مالی تعاون پر ورلڈ بینک کا شکریہ ادا کیا۔ مس ڈکسن نے 2013ء کے بعد سے ملک میں ہونے والی معاشی ترقی پروزیراعظم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان میں معیشت بالخصوص زراعت اور ڈیری کے شعبوں میں بہت صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک نے ملک میں بہتر معاشی حالات کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ تعاون میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے افغانستان سے تعلقات بہتر بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے میں پائیدار امن کے قیام میں مدد ملے گی۔ انہوں نے وزیراعظم کو اپنے دورہ لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر کے دورے کے متعلق آگاہ کیا۔ لاہور میں کاروباری برادری سے اپنی ملاقاتوں کے حوالے سے انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ پاکستان میں معاشی صورتحال کی معترف ہیں اور ان کا خیال ہے کہ معیشت مستحکم ہوئی ہے اور ان کا خیال ہے کہ تمام شعبوں میں مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔ وفد نے آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ وفد میں کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود اور سینئر ریجنل ایڈوائزر حسن زمان بھی شریک تھے جبکہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار، سیکرٹری وقار مسعود خان، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن محمد سلیم سیٹھی اور ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر کھوسہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy