نیپال اور بھارت میں تباہ کن زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد1500 سے تجاوز کرگئی

Published on April 26, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 589)      No Comments
55
کھٹمنڈو‘نئی دہلی(یو این پی) نیپال اور بھارت کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے باعث درجنوں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جن کے ملبے تلے دب کر 1500 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں لاپتا ہوگئے ہیں جب کہ متاثرہ علاقوں امدادی کاروائیاں جاری ہیں تاہم زلزلے کے نتیجے میں مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو اور بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت مختلف علاقوں کولکتہ، جے پور، اڑیسہ، مغربی بنگال، پٹنہ، لکھنؤ اور اتر پردیش میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی ریکٹر سکیل پر شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز نیپال کا قصبہ پوکھارا تھا جس کی گہرائی 2 کلو میٹر زیر زمین تھی، زلزلے سے نیپال میں تاریخی عمارتوں سمیت درجنوں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جس کے نتیجے میں 876 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں لاپتا ہوگئے جب کہ نیپالی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور امدادی کارروائیوں کیلئے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ صرف دارالحکومت کھٹمنڈو میں 524 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ بھارت میں بھی زلزلے کے باعث عمارتیں گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے جس کے نتیجے میں ریاست بہار میں 14 افراد سمیت 34 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے جب کہ زلزلے کے جھٹکے بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں بھی محسوس کئے گئے جس کے باعث بنگلادیش کے ٹور پر گئی ہوئی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی خوفزدہ ہوکر ہوٹل سے باہر نکل آئے۔ محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق نیپال اور بھارت میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے لاہور، شیخوپورہ اور گردو نواح کے علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے تاہم اس سے کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف نے نیپال اور بھارت میں زلزلے سے بھاری نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دفتر خارجہ کو صورتحال سے باخبر رکھنے اور متعلقہ حکام کو دونوں ممالک میں فوری امداد پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے 1934 کے بعد نیپال میں یہ سب سے بڑا زلزلہ ہے۔
Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes