سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد ’’سرزمین پاکستان ‘‘پر پہلا انٹر نیشنل میچ آج ہوگا

Published on May 22, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 442)      No Comments
773
میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا جس کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں
پاکستان اور زمبابوے کے مابین دنیا کی مختلف کرکٹ گراؤنڈز میں اب تک ہونے والے ٹی ٹونٹی میچز میں جیت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا پلڑا بھاری ہے جبکہ عمر اکمل، احمد شہزاد، اسد شفیق، ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی، محمد عرفان اور جنید خان وغیرہ شامل ہیں پہلی دفعہ پاکستان کی سرزمین پر اپنے شائقین کے سامنے انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے
لاہور (یو این پی) پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (آج) جمعہ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا جس کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں اور سٹیڈیم تماشائیوں سے مکمل طور پر بھرا ہوگا۔ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ پاکستان اور زمبابوے کے مابین دنیا کی مختلف کرکٹ گراؤنڈز میں اب تک ہونے والے ٹی ٹونٹی میچز میں جیت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین 2008ء سے 2013ء تک پانچ ٹی ٹونٹی میچزکھیلے گئے اور پانچوں کے پانچ میچ پاکستان نے جیتے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ماضی میں کھیلے جانے والے پانچ ٹی ٹونٹی میچوں میں سے پہلا میچ 2008ء میں کینیڈا میں کھیلا گیا جو کہ پاکستان کی ٹیم نے جیتا جبکہ زمبابوے میں 2011ء سے 2013ء تک دونوں ٹیموں کے مابین چار ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گئے جو پاکستان نے جیتے۔ پاکستان کی سر زمین پر دونوں ٹیموں کے مابین اب تک کوئی ٹی ٹونٹی میچ نہیں ہوا۔یونی ویژن نیوز کے مطابق مصباح الحق اور محمد حفیظ کی کپتانی میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف دو دو میچز جیتے ہیں جبکہ شعیب ملک کی کپتانی میں ایک میچ جیتا ہے۔ شاہد آفریدی کی کپتانی میں پاکستان کی ٹیم زمبابوے کے خلاف پہلی دفعہ ٹی ٹونٹی میچ کھیل رہی ہے۔ پاکستان کی ٹیم نے اب تک دنیا کی مختلف ٹیموں کے خلاف مختلف گراؤنڈز میں 86 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے ہیں جن میں سے پاکستان نے 50 جیتے 34 ہارے اور دو ٹائی ہوئے۔ زمبابوے کی ٹیم نے دنیا کی مختلف کرکٹ گراؤنڈز میں اب تک 31 میچز کھیلے ہیں جن میں سے صرف 6 جیتے 24 ہارے ایک ٹائی ہوا۔ پاکستان کے پندرہ رکنی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں سے 6 کھلاڑی پاکستان کی سر زمین پر پہلے کھیل چکے ہیں لیکن 9 کھلاڑی جن میں عمر اکمل، احمد شہزاد، اسد شفیق، ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی، محمد عرفان اور جنید خان وغیرہ شامل ہیں پہلی دفعہ پاکستان کی سرزمین پر اپنے شائقین کے سامنے انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے ۔
Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Themes