کراچی (یواین پی) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں اب تک 13000 سے زائد افراد کو طبی امداد کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں، کراچی میں 330 ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جن میں کے ایم سی کے زیر انتظام اسپتالوں میں 60 سینٹرز دن رات کام کر رہے ہیں، اس کے علاوہ کراچی میں 64 مقامات پر فری واٹر ٹینکرز کے پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ جاری کردہ اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ نے کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی سے متاثرہ عوام کے لئے صوبے بھر میں اور بالخصوص کراچی میں کے ایم سی اور دیگر بڑے اسپتالوں میں 330 ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ہیٹ اسٹروک سینٹرز میں ہزاروں کی تعداد میں مریضوں کا علاج کیا گیا ہے اور ان میں سے 822 افراد کی ہلاکت ہوئی، اس کے علاوہ 650 مریض اب بھی مختلف اسپتالوں اور ہیٹ اسٹروک سینٹرز میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 330 ہیٹ اسٹروک سینٹرز میں سے کے ایم سی کی جانب سے 60، کراچی کے مختلف بڑے اسپتالوں میں 36 جبکہ دیگر مقامات پر 61 ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ اندرون سندھ کے اسپتالوں میں اور مختلف مقامات پر 173 ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں 64 مقامات پر فری واٹر ٹینکرز کے پوائنٹس بنائے گئے ہیں جن میں ضلع ملیر میں 16، کورنگی میں 14، ضلع جنوبی میں 5، ضلع شرقی میں 5، سینٹرل میں 9 جبکہ ضلع غربی میں 15 پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں