سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں پاک بحریہ کا ریلیف آپریشن ’’مدد‘‘ جاری

Published on July 30, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 340)      No Comments

022
کراچی (یو این پی) سیلاب کے متاثرہ اضلاع میں پاک بحریہ کا ریلیف آپریشن ’’مدد‘‘ جاری ہے۔ بدھ کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آپریشن کے دوران پاکستان نیوی کی امدادی ٹیموں نے ضلع سکھر کے مختلف علاقوں سے 372 افراد کو بچایا جن میں عورتیں، بچے اور مرد شامل ہیں۔ ریسکیو آپریشن کے دوران سیلاب میں پھنسے ان افراد کو ضلع سکھر کے متاثرہ علاقوں سعید آباد، گوٹھ علی نواز، حسین بخش لاشاری، صحبت بلوچ اور کنگری سے بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ پاک بحریہ نے سجاول میں اپنا ریلیف آپریشن ہیڈ کوارٹرز قائم کیاہے۔ پاک بحریہ کی غوطہ خور اور ریسکیو ٹیمیں کنگری، گھوٹکی، خیر پور، بدین، سکھر اور جاتی کے مقامات پر امدادی کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں جو زولو بوٹس، پانی نکالنے والے پمپس، لائف جیکٹس سے لیس ہیں۔ متاثرین سیلاب کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لئے ریسکیو ٹیموں کو جان بچانے والی ادویات بھی فراہم کی گئی ہیں، کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے لاہور، اورماڑہ، مکران، پسنی، گوادر، جیوانی، تربت، شاہ بندراورسجاول میں تعینات پاک بحریہ کی ٹیمیں پوری طرح تیار ہیں، ان علاقوں سے متاثرین کے بحفاظت انخلا، لاپتہ افراد کی تلاش اور انہیں محفوط مقامات پر منتقل کرنے، فوری طبی امداد کی فراہمی اور دیگر ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ امدادی کارروائیوں کے لئے ضروری سازو ساما ن اور دیگر اشیاء کی منتقلی کو بھی یقینی بنایا جا چکا ہے، بروقت اور فوری ریسکیو آپریشن کے لئے پاک بحریہ کا سندھ بلوچستان اور پنجاب کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سے مسلسل رابطہ قائم ہے،پاک بحریہ کی میڈیکل ٹیموں کو بھی پوری طرح چوکس کر دیا گیا ہے اور فوری رد عمل کے لئے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes