دہشت گرد کون تھے ؟ کہاں سے آئے ؟ کس نے بھیجا ؟ سب پتا چلا لیا

Published on January 21, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 386)      No Comments

222
اسلام آباد (یو این پی)  پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ انہیں سانحہ چارسدہ کے حوالے سے کافی بڑا بریک تھرو مل گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے حوالے سے پریس بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ دہشت گرد کون تھے ؟ کہاں سے آئے تھے ؟ ساری معلومات اکٹھی کر لی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ باچاخان یونیورسٹی میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ہم حالت جنگ میں ہیں۔ دہشت گردوں کو کس نے بھیجا ان کے پیچھے کون تھا بہت حد تک معلوم ہو چکا ہے۔ پوری قوم نے دہشت گردوں اور ان کی سوچ کو رد کر دیا ہے‘ آپریشن ضرب عضب کی کامیابیاں آپ کے سامنے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ چار دہشت گرد یونیورسٹی میں داخل ہوئے جنہیں ہلاک کر دیا گیا۔ باچا خان یونیورسٹی پر حملے میں 20 افراد شہید ہوئے جن میں 18 طالب علم جبکہ عملے کے دو ارکان شامل تھے جبکہ 11 افراد زخمی بھی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت کارروائی نہ ہوتی تو نقصان زیادہ ہوتا‘ 45 منٹ کے اندر تمام فورسز سرگرم تھیں‘ فوری جواب کی وجہ سے دہشت گرد زیادہ آگے نہ بڑھ سکے۔
انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کو بھیجنے والوں کی معلومات بڑی حد تک مل چکی ہیں‘ دہشت گردوں کے ٹیلیفون پر رابطے تھے۔ ٹیلیفون رابطوں کا تجزیہ بھی کر لیا ہے‘ ٹیلیفون کالز کا زیادہ تر ڈیٹا مل چکا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ایک دہشت گرد کے مرنے کے بعد بھی اس کے موبائل پر کالز آ رہی تھیں۔آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے آپس میں رابطے ہوئے تھے۔ دہشت گرد افغان صوبے ننگر ہار کے قریب سے فون پر رابطے میں تھے اور دہشت گرد افغان سم استعمال کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاورکے گردونواح میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن ہو رہے ہیں۔ دہشت گردوں کی زیادہ ترکمین گاہیں ختم کر دی گئی ہیں۔ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو ملک بھرسے پکڑا جارہا ہے۔ پوری قوم نے دہشت گردوں کے عزائم کو مسترد کر دیا ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy