وزیراعظم نے تحفظ نسواں بل سے غیر اسلامی شقیں نکالنے کی یقین دہانی کرائی ہے، مولانا فضل الرحمان

Published on March 14, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 292)      No Comments

470410-FazlurRehman-1457945200-814-640x480لاہور… جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے تحفظ حقوق نسواں بل کے حوالے سے علمائے کرام کے تحفظات دور کرنے کے لئے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے رائے ونڈ میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی دعوت پر ان سے ملاقات کی جس میں حقوق نسواں بل کے حوالے سے انھی تحفظات کا اظہار کیا جو اس سے قبل میڈیا میں کر چکا ہوں، وزیراعظم نواز شریف کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے ہماری بات کو تحمل سے سنا اور اس حوالے سے مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب کو فوری طور پر ایک کمیٹی بنانے کی ہدایت کی ہے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی نگرانی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو علمائے کرام سے ملاقات کر کے اس بل کے حوالے سے ہمارے تحفظات کو دور کرے گی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف نے بھی اپنی سطح پر اس حوالے سے اقدامات کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ آپ ہماری رہنمائی کریں اور بتائیں کہ بل میں کون سی شقیں قرآن و سنت کے خلاف ہیں انھیں بل سے نکال دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پنجاب اسمبلی میں منظور ہونے والے تحفظ حقوق نسواں بل کو مولانا فضل الرحمان نے آئین اور شریعت کے خلاف قرار دیتے ہوئے اراکین پنجاب اسمبلی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلام سے متصادم کوئی بھی چیز زبردستی نافذ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور پنجاب اسمبلی کے بل کو عوام کی طاقت سے اڑا کر رکھ دیں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Themes