اوپن یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلباء نے یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کے لئے ایسوسی ایشن بنالی

Published on April 19, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 496)      No Comments

Iqbalian Physicists Alumni Association (IPAA)-2
اسلام آباد(یواین پی)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ فزکس سے فارغ التحصیل طلباء نے یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی اور یونیورسٹی کا پیغام گلی گلی پہنچانے کے لئے ایسوسی ایشن بنالی ہے۔ ایسوسی ایشن کی پہلی تقریب یونیورسٹی کے ڈبلیو ایم ذکی آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ میزبانی کے فرائض شعبہ فزکس کے چئیرمین ٗ پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس کررہے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ فارغ التحصیل طلبہ کی ایسوسی ایشن کا قیام میرا ایک خواب تھا جسے آج شعبہ فزکس کے طلبہ نے شرمندہ تعبیر کردیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ یونیورسٹی کے نمائندے اور سفیر ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ایسوسی ایشن یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی میں بھر پور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے اپنی صلاحیتوں کو وقف کریں۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے انہیں بتایا کہ بحیثیت یونیورسٹی سفیر وہ یونیورسٹی کا پیغام پاکستان کے کونے کونے تک پہنچائیں اور شرح خواندگی میں اضافے کے لئے یونیورسٹی کے دست و بازو بن کر کام کریں ۔ فارغ التحصیل طلبہ کی ایسوسی ایشن کی اہمیت ٗ حیثیت اور افادیت پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ اس ایسوسی ایشن کے تحت فارغ التحصیل طلبہ کے تجربات اور مشاہدات سے موجودہ طلبہ کو بہت فائدہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس ایسوسی ایشن کا دوسرا بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ فارغ التحصیل طلبہ ملک بھر میں جن جن اداروں سے وابستہ ہیں وہاں وہ یونیورسٹی کے دیگر طلبہ کو بھی متعارف کراسکیں گے۔
تقریب سے شعبہ فزکس کے چئیرمین ٗ سید ظفر الیاس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یونیورسٹی کی تاریخ لکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالتے ہی فارغ التحصیل طلبہ کی تنظیم کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا تھا اوریہ خواب آج شرمندہ تعبیر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کا بنیادی مقصد سائنس کا فروغ ٗ ایک دوسرے کے کام آنا اور یونیورسٹی کا پیغام ملک کے ہر کونے تک پہنچانا ہے۔ سیدظفر الیاس نے مزید کہا کہ اس تنظیم کی تفصیلات آئندہ ماہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر فراہم کی جائیں گی جس میں ایسوسی ایشن کے تمام ممبرز کا تعارف شامل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کی آئندہ تقریب یونیورسٹی کے علاقائی دفتر ملتان میں ہوگی۔ علاوہ ازیں اس تنظیم کی تقریبات ہر سال منعقد ہوں گی اور ہم یونیورسٹی کے تمام علاقائی دفاتر جائیں گے تاکہ یونیورسٹی کا نام پورے ملک میں روشن ہو اور اس کا پیغام گھر گھر پہنچ جائے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Blog