پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے داد و تحسین کے مستحق

Published on July 20, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 326)      No Comments

کراچی(یواین پی)جامعہ کراچی کے چانسلر و گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ چیف جسٹس سندھ کے صاحبزادے اویس شاہ کی بازیابی پر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے05 والے ادارے داد و تحسین کے مستحق ہیں، کراچی آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور اس کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور اس ضمن میں آنے والی ہر رکاوٹ کا سختی سے قلع قمع کیا جائے گا۔ کراچی کے حالات میں کافی بہتری آئی ہے جس کا سہرا کراچی آپریشن کو جاتا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ کے بعد پاک فوج نے ملک میں جاری بد امنی اور دہشت گردی کی سرکوبی کے لئے کامیابی سے اقدامات اُٹھائے اور بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ کراچی کا استحکام پاکستان کے استحکام کی ضمانت ہے لہذا کراچی کے امن اور سلامتی کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ سینٹر فار ڈیجیٹل فارنسک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا جامعہ کراچی میں افتتاح انتہائی لائق تحسین ہے جس کے لئے میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے نامساعد حالات کے باوجود ڈیجیٹل فارنسک سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ مذکورہ سینٹر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو تربیت فراہم کرتے ہوئے انہیں اور عدلیہ کو فوری انصاف کو یقینی بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گا۔ جامعہ کراچی جدید تعلیم اور تحقیق کی ترویج کے ذریعے 1951 ء سے معاشرے کی خدمت میں بغیر کسی سماجی، مذہبی اور معاشی امتیاز کے ہمہ جہت مصروف ہے مجھے امید ہے کہ اس سینٹر کے قیام سے جامعہ کراچی کے طالب علموں کو سائنسی میدان میں ایک نئی جہت عطا ہو گی اور وہ معاشرے میں ایک مثبت تبدیلی برپا کرنے میں اپنا کرادار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے سینٹر برائے ڈیجیٹل فارنسک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے مزید کہا کہ مجھے اندازہ ہے کہ جامعہ کراچی کی مالی حالت مستحکم نہیں ہے اور مذکورہ سینٹر کے انفرااسٹرکچر اور فارنسک آلات کی خریداری کے لئے ایک خطیر رقم درکار ہوگی، لہذا میں حکومت سندھ اور وفاقی حکومت سے اس سینٹر کو فنڈز فراہم کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری بشمول ملزموں کو بھی بنیادی انسانی حقوق اور انصاف تک یقینی رسائی کا حق فراہم کرتا ہے، قانون کی حکمرانی کے لئے ضروری ہے کہ حقوق اور ذمہ داریوں کے مابین توازن قائم رکھا جائے اور ہر خاص و عام قانون کے تابع ہو۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ مذکورہ سینٹر میں سائبر کرائم لاء سمیت تقریباً ہرقانون سے متعلق معاونت فراہم کی جائے گی جس سے پاکستانی معاشرے کو درپیش شدید داخلی اور خارجی چیلنجز سے نبردآزماہونے میں بھرپور مدد ملے گی۔ اس سینٹر کے قیام سے تربیت کے نئے مواقع ملے گے اورمیں امید کرتاہوں کہ ڈاکٹر قیصر کی مثالی قیادت میں جامعہ کراچی تعلیمی اور تحقیقی میدان میں ترقی کی نئی منزلیں طے کرتا رہے گا۔ میں سردار یاسین ملک کا اس سینٹر کے قیام کے لئے مالی تعاون کرنے پر انتہائی مشکور ہوں۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے چانسلر و گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو جامعہ کراچی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سینٹر فار ڈیجیٹل فارنسک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا قیام خوش آئند امر ہے جس کے لئے میں چانسلر و گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی غیر مشروط حمایت کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے سینٹر کے پروپوزل کی فوراً منظوری دیتے ہوئے اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور وہ خود مذکورہ سینٹر کے قیام میں دلچسپی رکھتے تھے۔مجھے یہ کہنے میں بے حد مسرت ہو رہی ہے کہ مذکورہ سینٹر پورے ملک میں اپنی نوعیت کا واحد سینٹر ہے۔ مذکورہ سینٹر جامعہ کراچی میں پہلی دفعہ ڈیجیٹل فارنسک سائنس کے شعبہ میں انڈر گریجویٹ، گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ لیول پر تعلیم دی جائے گی۔ ڈیجٹل فارنسک سائنس کی ایک شاخ ہے جس میں ڈیجٹل آلات کے ذریعے حاصل ثبوتوں کے ذریعے جرائم کی نشاندہی کی جاتی ہے۔ آغاز میں سینٹر سرٹیفیکٹ کورس منعقد کرائے گا جبکہ اس کے بعد ڈپلومہ پروگرام کا آغاز ہو گا۔ مذکورہ سینٹر پیچیدہ جرائم کے کیسز کو حل کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ کو تعاون فراہم کرے گا۔ سینٹر کے قیام سے ڈیجٹل فارنسک سائنس کے شعبہ میں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور اس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً پولیس میں ڈیجیٹل فارنسک سائنس کے ماہرین کی طلب میں اضافہ ہوگا جس سے انصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایک سال کی مدت میں سینٹر میں دیگر سہولیات کا اضافہ کر دیا جائے گا جن میں فنگر پرنٹنگ، ڈی این اے لیب اور دیگر شامل ہیں۔ میں اس ضمن میں سردار یاسین ملک کی مالی معاونت پر انتہائی مشکور ہوں۔ میں گورنر سندھ کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم سید وجاہت علی کا بھی مشکور ہوں۔ سردار یاسین ملک نے کہا کہ مذکورہ سینٹر کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، میں امید کرتا ہوں سینٹر کے قیام سے جرائم کی نشاندہی میں کافی مدد ملے گی۔ تقریب اختتام پر رئیس کلیہ نظمیات و انصرام پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کلمات تشکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سینٹر کے قیام سے جرائم کی روک تھام اور جرائم کی شرح کم کرنے میں بڑی حد تک مدد ملے گی۔ عصر حاضر میں الیکٹرانک جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کو کنٹرول کرنے کے لئے فارنسک سائنس کا استعمال ناگزیر ہو گیا ہے اور اس ضمن میں جامعہ کراچی کی جانب سے اس نوعیت کے پہلے سینٹر کا قیام لائق تحسین ہے۔ انہوں نے چانسلر و گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر اور سرادر یاسین ملک کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سردار یاسین ملک، سی پی ایل سی چیف محمد زبیر حبیب، ڈی جی نیب سندھ کرنل سراج نعیم اور دپٹی ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز، روئسائے کلیہ جات، صدور شعبہ جات اور اساتذہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog