کراچی،صدر میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے سکیورٹی ادارے کے 2اہلکار شہید

Published on July 26, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 406)      No Comments

567158-firing-1469534057-101-640x480
بزدل دہشت گردوں نے ریڈ زون کے قریک پارکنگ پلازہ پر سکیورٹی ادارے کی گاڑی کو نشانہ بنایا
کراچی (یوا ین پی) کراچی کے علاقے صدر میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے سکیورٹی ادارے کے 2اہلکار شہید ہوگئے ہیں ۔بزدل دہشت گردوں نے ریڈ زون کے قریک پارکنگ پلازہ پر سکیورٹی ادارے کی گاڑی کو نشانہ بنایا ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مصروف ترین علاقے صدر میں پارکنگ پلازہ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد سیکیورٹی ادارے کی ڈبل کیبن گاڑی 07GJ-1821 پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں موجود 2 اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک اہلکار راستے میں ہی دم توڑ گیا جب کہ دوسرا دوران علاج چل بسا۔ شہید اہلکاروں کی شناخت لانس نائیک عبد الرزاق اور حوالدار خادم حسین کے نام سے ہو ئی ۔ جناح اسپتال کی ترجمان ڈاکٹر سیمی جمالی نے دونوں اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کر دی۔ ان کا کہنا تھا شہید اہلکاروں کے سر اور سینے میں گولیاں لگیں۔ واقعے کے فوری بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ تفتیشی ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ادارے کے اہلکاروں پر فائرنگ نائن ایم ایم پستول سے کی گئی، جائے وقوعہ پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں جس کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت میں مدد ملے گی۔دوسری جانب کراچی میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن کے قیام کے لئے آپریشن شروع کیا گیا تھا اس آپریشن کو پٹری سے اترنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیر اعظم نے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔واضح رہے کہ یکم دسمبر 2015 کو بھی کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر سیکیورٹی اداروں کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 اہلکارشہید ہوگئے تھے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes