نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کا یوم شہادت( کل) عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

Published on October 11, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 537)      No Comments

5
ملک بھر کی طرح پنجاب کے ہزاروں مقامات پر مجالس عزا ء، علم اور شبیہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہو ں گے،
صوبائی دارالحکومت میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوکر کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوگا،
حضرت امام حسینؓ اور انکے رفقاء کی حق، انصاف اور اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا،
لاہور سمیت صوبہ بھرمیں سیکورٹی سخت ہو گی، بعض مقامات پر جلوسوں کی فضائی نگرانی کی جائے گی
اسلام آباد(یو این پی) نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کا یوم شہادت کل 12اکتوبر بروزبدھ کو ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔اس سلسلہ میں صوبہ بھر میں پنجاب کے ہزاروں مقامات پر مجالس عزا ء، علم اور شبیہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہو ں گے۔ صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے دو لاکھ افسراور جوان دوران یوم عاشور پر سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے، 43ہزار پولیس قومی رضاکار اور 98ہزار والنٹےئرز بھی مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے پولیس کی معاونت کریں گے۔ صوبہ کی تمام بڑی اور حساس مجالس وجلوسوں کو تھری لےئر سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ حساس مجالس اور جلوسوں کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جائیگی،صوبے بھر کے حساس مقامات کی نگرانی کے لئے سینکڑوں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جارہے ہیں۔ صوبائی دارلحکومت لاہور میں یوم عاشور پر نثار حویلی سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کے روٹ پر 270 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لائیو مانیٹرنگ کی جائے گی۔ مجالس اور جلوسوں کے داخلی راستوں پر شرکاء کو سرچ کرنے کے لئے میٹل ڈیٹیکٹرزاور واک تھرو گیٹس مختلف مقامات پر لگائے جائیں گے،تمام جلوسوں کی فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ تقریروں کی مکمل ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی۔ یوم عاشور کے موقع پر مجالس اور جلوسوں میں علماء کرام و ذاکرین واقعہ کربلا کے فضائل و مصائب پر روشنی ڈالیں گے۔ نیزحضرت امام حسینؓ اور انکے رفقاء کی حق، انصاف اور اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ۔ لاہور میں 10محرم کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی دروازہ سے برآمد ہوگاجبکہ دیگرعلم اور شبیہ ذوالجناح کے جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہو ں گے۔ مرکزی جلوس چوک رنگ محل ٗ مسجد وزیر خان ٗ چوہٹہ مفتی باقر، سوہا بازار ٗ اندرون ٹیکسالی اور اندرون بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہو گی ۔اس سلسلہ میں لاہور کی مرکزی امام بارگاہ کربلا گامے شاہ سمیت صوبائی دارالحکومت کی تمام امام بارگاہوں کی سکیورٹی انتہائی سخت کی گئی ہے۔ مرکزی جلوس کے اختتام پر کربلا گامے شاہ میں مجلس شام غریباں منعقد ہو گی جس سے مختلف نامور زذاکرین خطاب کریں گے۔ امام بارگاہوں کے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹ اور اس کے قریبی علاقہ کی چھتوں پر اہلکار تعینات کئے جائیں گے، یوم عاشور پر سرکاری و نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو مجالس شام غریباں نشر کریں گے۔اخبارات میں بھی سیدالشہدا ء حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کے حوالے سے خصوصی ایڈیشن شائع کئے جائیں گے۔علاوہ ازیں عاشورہمحرم الحرام پر عزا داروں کو بروقت طبی امداد پہنچانے اور ہر قسم کے مریضوں کوعلاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے لاہور ڈویژن کے ہسپتالوں میں فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے اسے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب ایمر جنسی سرو س(ریسکیو1122 ) نے یوم عاشور پرماتمی جلوسوں کے دوران ایمرجنسی کورکی فراہمی کے لئے پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں ریسکیو1122 کے جوانوں کی چھٹیاں محدود کرکے اُن کی مخصوص ایمرجنسی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں ۔واسا کی طرف سے بھی ذوالجناح کے راستوں اور مجالس کی جگہوں کے سیوریج پائپ صاف رکھنے جبکہ وہاں پر پینے کے پانی کی وافر مقدار میں فراہمی کی بھی ہدایات جاری کی گئیں ہیں ۔ لاہور میں ٹریفک پولیس نے جلوسوں کے روٹس پر ٹریفک کو جلوسوں سے دورر کھنے کیلئے ٹریفک کے متبادل انتظامات کئے ہیں۔لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو ) نے بھی عاشورہ محرم الحرام پربجلی کی مسلسل، بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات کئے ہیں اور مختلف سرکلز کیلئے فوکل پرسنز تعینات کئے گئے ہیں۔دریں اثناء یوم عاشور کے موقع پر قبرستانوں میں بھی عوام کا رش بڑھ چکا ہے جبکہ شہریوں کا اپنے بچھڑے ہوئے پیاروں کو ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرنے کی غرض سے شہر خاموشاں میں آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy