بھارت ؛ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی

Published on November 20, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 448)      No Comments

train
کانپور(یوا ین پی)بھارتی شہرکانپور میں ٹرین حادثے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی جبکہ درجنوں زخمی افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں مزید ہلاکتوں کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو کانپور شہر کے قریب پوکھرایاں کے علاقے میں علی الصبح مسافر ٹرین ‘اندور پٹنہ ایکسپریس’ کی 14 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔تاہم ٹرین کی بوگیوں کے پٹری سے اترنے کی وجہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکی ہے۔اس حادثے میں سو سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن اور ملبہ ہٹانے کام جاری ہے۔پولیس حکام کے مطابق صبح تقریبا ساڑھے تین بجے یہ حادثہ پیش آیا۔ جائے وقوعہ پر 250 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔بھارتی سرکاری خبر رساں ادارے نے ریاست کے سینیئر پولیس افسر دلجیت چودھری کے حوالے سے لکھا ہے کہ ریلوے حادثے میں ہلاک ہونے والے لوگوں کی تعداد سو سے بھی زیادہ ہے۔اس سے قبل سینیئر حکام نے 96 لاشیں جائے وقوعہ سے بر آمد کرنے کی تصدیق کی تھی۔ریاست کے جی ڈی پی جاوید احمد نے میڈیا سے بات چیت میں بتایا تھا کہ ٹرین کی دو بوگیاں ایک دوسرے میں پھنس گئی تھیں اور انھیں کاٹ کر اندر پھنسے مسافروں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ٹرین حادثے پر شدید غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ متاثرہ افراد کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ انھوں نے وزیر ریل سوریش پرہبھو سے بات کی ہے جو موجود حالات کی نگرانی خود کر رہے ہیں۔انڈیا کے وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ واقعے فوری کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے ورثا کو معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حادثے میں مزید ہلاکتوں کا امکان ہے۔حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کے ایک مسافر نے بتایا کہ ‘رات کے تین بجے کے قریب ہمیں زوردار جھٹکا لگا۔ کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ ہر ایک صدمے میں تھا، میں نے خود کئی لاشیں اور زخمی دیکھے۔کانپور سٹیشن ریلوے کے اہم جنکشنز میں سے ایک ہے اور یہاں سے ہر روز سینکڑوں ٹرینیں گزرتی ہیں۔ریلوے کے ترجمان انیل سکسینا نے بتایا کہ کانپور سے گزرنے والی دوسری ٹرینوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔انڈیا میں ریلوے کا نظام پرانا ہونے کے سبب ٹرین کے حادثے معمول کی بات ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق انڈیا میں ایک دن میں دو کروڑ 30 لاکھ افراد ٹرین کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes