کوئٹہ میں دھماکہ؛پولیس اہلکار سمیت7 افراد شہید ، متعدد زخمی

Published on June 23, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 735)      No Comments


کوئٹہ(یو این پی ) جناح چیک پوسٹ اور آئی جی آفس کے قریب دھماکے سے پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔میڈیا کے مطابق کوئٹہ میں جناح چیک پوسٹ اور آئی جی آفس کے قریب شہدا چوک میں دھماکے سے 2 پولیس اہلکاورں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہو گئے۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر تک سنی گئی اور دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔دھماکے کے نتیجے میں محکمہ تعلیم کی عمارت کو نقصان پہنچا جبکہ ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جس کے بارے میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسی گاڑی میں بارودی مواد رکھا گیا تھا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا صبح ساڑھے 8 بجے کے قریب ہوا، دھماکے کی جگہ پر عام دنوں میں کافی رش ہوتا ہے لیکن آج صوبائی حکومت کی جانب سے یوم القدس اور جمعتہ الوداع کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا جس کی وجہ سے رش کافی کم تھا۔ دھماکے کے فوری بعد ہر طرف افراتفری پھیل گئی اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ترجمان بلوچستان حکومت انوارالحق کاکڑ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے 7 افراد کے جاں بحق اور 18 کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی انتہائی سخت تھی اور جب اہلکاروں نے گاڑی کو روکا تو اس سے بارودی مواد سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کا خدشہ موجود تھا جس کی وجہ سے سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی لیکن فوری طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ دھماکے کا ہدف کیا تھا۔امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سول اور دیگر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Theme