پختونوں کی خوشحالی اور پختون خطہ کی تعمیر و ترقی قومی وطن پارٹی کا نصب العین ہے۔ سکندر شیرپاؤ

Published on July 29, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 327)      No Comments


پشاور(یوا ین پی)سینئر صوبائی وزیر اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکند رحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پختونوں کی خوشحالی اور پختون خطہ کی تعمیر و ترقی قومی وطن پارٹی کا نصب العین ہے اور اس مقصد کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری ہے۔ان خیالات کااظہار انھوں نے تنگی ہسپتال میں تعمیری کام اور یونین کونسل مرزاڈھیر میں رابطہ سڑک کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ ہم ترقی پسندانہ سوچ رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پختون قوم ہر میدان میں دوسری ترقیافتہ اقوام کے برابر ترقی کرکے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا موثر کردار اداکر سکے۔سینئر وزیر نے کہا کہ مختلف ترقیاتی منصوبوں میں خیبر پختونخوا اور پختونوں کو نظر انداز کرنے کی بجائے دہشت گردی اور سنگین حالات کی وجہ سے متاثرہ صوبہ پر خصوصی توجہ دی جائے اور ایسے حالات پیدا نہ کی جائے جس سے صوبے کے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو۔انھوں نے مزید کہا کہ ملک کو صحیح اور مستحکم وفاق کے طور پر چلانے کیلئے ضروری ہے کہ چھوٹے صوبوں اور پختونوں کی محرومیوں کے ازالہ کے ساتھ ساتھ ان کو اپنے وسائل پرمکمل اختیار دیاجائے۔انھوں نے فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام وقت کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے نہ صرف پختونوں کے وسائل میں اضافہ ہوگا بلکہ ان کی آوازمزید موثر ہو جائے گی۔ا نھوں نے کہا کہ بد قسمتی سے وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں اور باالخصوص پختونوں کے مسائل و مشکلات کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے جس کی وجہ سے یہاں پر پائی جانے والی مایوسیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے مشکلات کے خاتمے ، خطے میں پائیدار امن کے قیام اور ان کی تعمیر و ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ کے عہدیدار ،ممبران تحصیل و ڈسٹرکٹ کونسل چارسدہ اور پارٹی کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes