پاکستان میں پیدا ہونے والے معروف بالی ووڈ اداکار

Published on September 10, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 388)      No Comments


ممبئی:(یو این پی)  دنیا بھر میں اپنی اداکاری کے ذریعے کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے بہت سے بھارتی اداکار ایسے بھی ہیں جو بھارت کے بجائے پاکستان میں پیدا ہوئے۔ 1947 میں بر صغیر کی تقسیم کے بعد لاکھوں لوگوں کے ساتھ اداکار بھی پاکستان سے بھارت اور بھارت سے پاکستان منتقل ہوئے ان ہی میں بالی ووڈ کے بہت سے اداکار بھی شامل ہیں جو پیدا تو پاکستان میں ہوئے لیکن بھارت منتقلی کے بعد بالی ووڈ میں نہ صرف اپنی الگ پہچان بنائی بلکہ آج بھارتی فلم انڈسٹری پر اپنی اداکاری کی بدولت راج کر رہے ہیں۔
دلیپ کمار
نامور بالی ووڈ اداکار دلیپ کمار صرف اداکار ہی نہیں بلکہ اداکاری کی پوری اکیڈمی ہیں ، انہیں ٹریجڈی کنگ بھی کہا جاتا ہے ، بالی ووڈ پر کئی دہائیوں سے راج کرنے والے دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان ہے، ان کا تعلق پشاور کے قصہ خوانی بازار سے ہے۔ یوسف خان پشاور کے ایک ہندکو خاندان میں پیدا ہوئے، 1930 میں ان کا خاندان بھارت کے شہر ممبئی منتقل ہو گیا جہاں انہوں نے دلیپ کمار کے نام سے فنی کیرئیر کا آغاز کیا اور آج ان کا شمار بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے۔
دیوآنند
بالی ووڈ کے ماضی کے نامور اداکار دیو آنند 26 ستمبر 1923 کو غیر منقسم پنجاب کے ضلع گورداس پور کی تحصیل شکر گڑھ میں پیدا ہوئے یہ علاقہ اب پاکستان میں ضلع نارووال کی تحصیل ہے، دیو آنند نے اپنا بچپن گھروٹا گاؤں میں گزارا جب کہ انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی پاکستانی پنجاب میں حاصل کی بعد ازاں انہوں نےگورنمنٹ کالج لاہور سے انگلش لٹریچر میں بی اے کی ڈگری حاصل کی ، بعد ازاں ان کا خاندان بھی بھارت منتقل ہو گیا جہاں انہوں نے ایک اداکار کی حیثیت سے اپنی پہچان بنائی۔
ونود کھنہ
نامور بالی ووڈ اداکار ونود کھنہ کا جنم بھی 6 اکتوبر 1946 میں پشاور میں ہوا تھا، ان کی پیدائش کے کچھ عرصے بعد ان کی فیملی پشاور سے ممبئی منتقل ہو گئی۔
پریم چوپڑا
بالی ووڈ کے نامور ولن پریم چوپڑا 23 ستمبر 1935 میں لاہور میں ایک ہندو فیملی کے گھر پیدا ہوئے، تقسیم ہند کے بعد ان کی فیملی بھارتی شہر شملہ منتقل ہو گئی، جہاں ان کی پرورش ہوئی۔
امجد خان
بھارتی فلم انڈسٹری کے تاریخی ولن امجد خان المعروف گبر سنگھ کی جائے پیدائش پشاور کی ہے، بعد ازاں وہ اور ان کی فیملی بھی بھارت منتقل ہو گئی جہاں وہ اداکاری کا ایک بڑا نام بن کر ابھرے ، امجد خان نے تقریباً 130 فلموں میں کام کیا ہے لیکن فلم شعلے میں ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
امریش پوری
بھارتی فلم انڈسٹری کے باصلاحیت اداکار امریش پوری 1932 میں لاہور میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق پنجابی فیملی لالہ نہال سنگھ پوری سے تھا ،بعد ازاں وہ پڑھائی کی غرض سے شملہ گئے اور وہیں سے اداکاری کا آغاز کیا۔
راج کپور
بھارتی سینما کے نامور اداکار راج کپور کا تعلق بھی پاکستان سے ہے، تقسیم ہند سے قبل راج کپور 1924 میں پشاور میں پیدا ہوئے، بعد ازاں وہ بھی پڑھائی کی غرض سے بھارت منتقل ہوئے اور پھر وہیں کے ہو کر رہ گئے۔
قادر خان
بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار قادرخان تقسیم ہند سے قبل بلوچستان کے علاقے پشین میں پیدا ہوئے، انہوں نے بچپن کا ابتدائی دور اپنی والدہ کے ساتھ پشین میں گزارا، بعد ازاں ان کے والد بزنس کے سلسلے میں اپنی پوری فیملی کو لے کر ممبئی منتقل ہوئے۔
راج کمار
ناموربالی ووڈ اداکار راج کمار 8 اکتوبر 1926 کو بلوچستان کے علاقے لورالائی میں پیدا ہوئے تھے، ممبئی منتقل ہونے کے بعد انہوں نے سب انسپیکٹر کے طورپر فرائض انجام دئے بعد ازاں انہوں نے اداکاری میں قسمت آزمائی اور کامیاب رہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Themes