ختم نبوت کا مسئلہ حکومت کو لے ڈوبا

Published on October 4, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 271)      No Comments

اسلام آباد(یو این پی) ختم نبوت کے حوالے سے حلف نامے کی عبارت میں تبدیلی وفاقی حکومت کے لئے شدید پریشانی کا باعث بن گئی، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بھی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اکٹھا کرنے کا عندیہ دے دیا، حکومت کی اتحادی جماعت جمعیت علماء اسلام نے بھی حکومتی واردات کا سراغ لگانا شروع کر دیا ہے جبکہ مسلم لیگ ق کے چوہدری شجاعت حسین نے حلف نامے کی عبارت میں تبدیلی کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے قانون سازی کے ذریعے ختم نبوت کے حوالے سے حلف نامے کی عبارت میں تبدیلی کر دی ہے، وفاقی وزیر زاہد حامد نے ایوان کے فلور پر دعویٰ کیا تھا کہ ہم نے کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی ہے، لیکن سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پارلیمانی میٹنگ میں جو مسودہ رکھا گیا تھا وہ ایوان سے منظور نہیں کرایا گیا بلکہ ایوان سے جو مسودہ منظور کرایا گیا اس میں حلف نامے کے ڈیکلریشن کے الفاظ سے تبدیل کر دیا ہے، اور نئی قانون سازی میں مسلم ووٹرز اور قادیانی ووٹرز کو ایک ہی جگہ اکٹھا رکھا گیا ہے جبکہ پہلے والے قانون میں مسلم ووٹرز اور قادیانی ووٹرز الگ الگ تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ یہ بہت ہی اہم مسئلہ ہے ہم اس کو تمام سیاسی جماعتوں کے پاس لے کر جائیں گے اور اس سازش کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ دوسری طرف مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میں اس حکومتی اقدام کو سپریم کورٹ میں چیلنج کروں گا۔ حکومت نے دانستہ اردو عبارت کو تبدیل کیا اور انگریزی عبارت کو سرے سے ختم ہی کر دیا گیا ہے۔ اس میں حکومت کی بدنیتی شامل ہے اور ہم اس کو نظر انداز نہیں کریں گے۔ دریں اثناء جمعیت علماء اسلام کی مرکزی قیادت نے بھی حکومتی اقدام پر مشاورت شروع کر دی ہے، اور مولانا فضل الرحمن اس حوالے سے میاں نواز شریف سے براہ راست بات چیت کریں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题