ناگ پورٹیسٹ میں کوہلی کے نام اہم اعزاز

Published on November 27, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 680)      No Comments

ناگپور(یو این پی) سری لنکا کے خلاف شاندار ڈبل سنچری کی بدولت بھارتی ٹیم کے قائد ویرات کوہلی نے برائن لارا کا بطور کپتان زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا۔اتوار کو ٹیسٹ کے تیسرے روز ویرات کوہلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 213 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور 17 چوکے شامل تھے۔یہ ان کی بطور کپتان پانچویں ڈبل سنچری ہے اور اس طرح انہوں نے سابق ویسٹ انڈین بلے باز برائن لارا کی بطور کپتان زیادہ ڈبل سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ویرات کوہلی اب تک 104 اننگز میں 51.82 کی اوسط سے 4975 رنز بنا چکے ہیں جس میں 19 سنچریاں اور 14 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ عظیم آسٹریلین بلے باز ڈان بریڈ مین کے پاس ہے جنہوں نے 52 ٹیسٹ میچوں پر محیط اپنے کیریئر میں 12 ڈبل سنچریاں بنائیں جبکہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر عظیم سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا ہیں جنہوں نے 11 ڈبل سنچریاں اسکور کیں۔
اس اننگز کے ساتھ ہی ویرات کوہلی نے ایک سال کے دوران کسی بھی کپتان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ویرات کوہلی نے 213 رنز کی اننگز کی بدولت رواں سال 10ویں مرتبہ سنچری یا اس سے زیادہ رنز بنانے کا کارنامہ انجام دے کر یہ عالمی ریکارڈ قائم کیا۔اس سے قبل یہ عالمی ریکارڈ مشترکہ طور پر سابق آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ اور جنوبی افریقی قائد گریم اسمتھ کے پاس تھا جنہوں نے ایک سال میں نو سنچریاں بنائی تھیں جبکہ رکی پونٹنگ کو دو مرتبہ 2005 اور 2006 میں یہ کارنامہ انجام دینے کا اعزاز حاصل ہے۔
کرکٹ میں مجموعی طور پر ایک سال میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ مایہ ناز بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 1998 میں تمام فارمیٹس میں کل 12 سنچریاں بنائی تھیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy