افسپا کا جاری رہنا مزاحمتی تحریک کی جیت ہے ،انجینئر رشید 

Published on April 28, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 453)      No Comments

ہندوارہ(یواین پی )ریاست میں نافذ آرمڈ فورسز اسپیشل پاورس ایکٹ(افسپا)کے حوالے سے مین اسٹریم جماعتوں کے موقف کی شدید تنقید کے ساتھ عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے کہا ہے کہ علاقائی جماعتوں کی بے بسی نے نئی دلی کو اپنی مرضی کے مطابق جموں کشمیر پر راج کرنے کی کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے۔پہروپیٹھ،ہانگااور قلم آباد میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ افسپا کو ختم کرنے کی فکر کشمیریوں سے زیادہ خود نئی دلی کو ہونی چاہیئے تھی کیونکہ اسکی وجہ سے فوج اور سکیورٹی کی دیگر ایجنسیاں بدنام ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مین اسٹریم پارٹیوں،با لخصوص نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی،کو لوگوں کو بیوقوف بنانے کی کوششیں بند کردینی چاہیءں کیونکہ افسپا کی تنسیخ کا نئی دلی کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے بلکہ ریاستی آئین میں ایسی کئی گنجائشیں موجود ہیں کہ جنکا استعمال کرتے ہوئے ریاستی سرکار اس کالے قانون کو ختم کر سکتی ہے۔تاہم انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ منتخب نمائندوں نے اپنا ضمیر بیچا ہوا ہے اور وہ فقط مگر مچھ کے آنسو بہاکر لوگوں کو بیوقوف بناتے چلے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ عمر عبداللہ یا محبوبہ مفتی نئی دلی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی ہمت نہیں کرپاتے ہیں بلکہ انہوں نے ان لوگوں کو دھوکہ دینے اور انکا استحصال کرنے کا کھیل جاری رکھا ہوا ہے کہ جنہوں نے انہیں وقت وقت پر اقتدار تک پہنچایا ہے۔انجینئر رشید نے کہا کہ یہ سوال پوچھنے کا حق ہر کسی کو ہے کہ اگر وقت وقت کی ریاستی سرکاریں افسپا جیسے قانون کو ہٹانے کی طاقت نہیں رکھتی ہیں تو پھر انسے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی توقع کیسے رکھی جا سکتی ہے۔انہوں نے تاہم کہا کہ عالمی برادری اور خود بھارت کو اس سب کا دوسرا پہلو یوں سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیئے کہ افسپا کو ختم نہ کرپانے کی صورت میں نئی دلی نے کشمیریوں کے عزم اور مزاحمت کے سامنے سرنڈر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس قانون کو ختم کرنے پر نئی دلی کے آمادہ ہونے سے یہ بات ایک بار پھر واضح ہوگئی ہے کہ کشمیریوں کے دل و دماغ کو جیتنے کی سبھی دعویداریاں جھوٹی ہیں اور نئی دلی افسپا جیسے قوانین کے دم اور بندوق کی نوک کے بل پر کشمیریوں کو قابو کئے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ افسپا کو ایک مقدس کتاب کہ کر ،خود کو دنیا کی منظم ترین فوج کہلانے والی،بھارتی فوج نے در اصل اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اسکے پاس کشمیریوں کیلئے تذلیل،گولیوں،پیلٹوں،زخموں اور لاشوں کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Themes