الیکشن 2018 کو ایک منظم سازش کے تحت متنازعہ بنایا جا رہا ہے۔ فرخ رشید

Published on August 9, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 348)      No Comments

جدہ (زکیر احمد بھٹی) پی ٹی آئی سعودی عرب کے رہنما فرخ رشید نے کہا ہے کہ الیکشن 2018 کو ایک منظم سازش کے تحت متنازعہ بنایا جا رہا جس کا مقصد نا صرف پی ٹی آئی کی کی جیت کو متاثر کرنا ہے بلکہ پاکستانی اداروں کو عالمی سطح پر رسوا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خاص طور پر الیکشن کمپین میں عملی طور پر حصہ لینے کے لئے پاکستان گئے تھے جہاں عوام واضح طور پر تبدیلی کے خواہش مند نظر آئے ۔ الیکشن سے ایک رات پہلے لاہور شہر میں افواہوں کا بازار سرگرم تھاکہ فوج براہ راست پولنگ پر اثرانداز ہو کر اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا چاہتی ہے۔اس مقصد کے حصول کے لئے میڈیا کو بھی پولنگ سٹیشن تک رسائی نہیں دی جائے گی۔
پچیس جولائی کی شام کو سب افواہیں جھوٹی ثابت ہوئیں اور نہ صرف میڈیا کی پولنگ سٹیشن کے اندر رسائی یقینی بنائی گئی بلکہ پورے ملک میں میڈیا نے کوئی بےضابطگی رپورٹ نہیں کی۔ الیکشن کمیشن کے نتائج مرتب کرنے کے لئے پہلی مرتبہ نادرا سے آر ٹی ایس سافٹ وئیر لیا گیا جو بغیر کسی تجربہ کےاستعمال کی کوشش کی گئی جو بری طرح ناکام ہو گئی۔ اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس سسٹم کی ناکامی میں گذشتہ حکومت کے لوگ ملوث ہیں جنہوں نے الیکشن کو متنازعہ بنا کر اپنی ناکامی کو بھونڈے طریقے سے چھپانے کی کوشش کی ۔ انہوں نے شہباز شریف کی 25جولائی کی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف پولنگ ایجنٹوں کا گنتی کے وقت باہر نکال دینے کے الزام میں کوئی حقیقت نہیں بلکہ پلان کے تحت پولنگ ایجنٹوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ ہارنے کی صورت میں فارم45 پر نہ تو دستخط کریں اور نہ ہی وصول کریں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اصل میں اکثر مقامات پر اس مرتبہ بھی ریٹرننگ افسران نے مسلم لیگ ن کے لئے نرم گوشہ رکھا۔ اس وقت 48 حلقوں میں دوبارہ گنتی کا عمل جاری ہے جن میں اکثریت پی ٹی آئی مخالف امیدوار کی درخواست پر ایکشن لیا گیا ہے ۔ اس کے برعکس اکثر حلقوں میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی گئی جن میں ایک حلقہ این اے 73 ہے جہاں عثمان ڈار کی پورے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی گئی جہاں ایک پولنگ سٹیشن کا پریزاٹینڈنگ افسر بیلٹ بکس گھر لے جانے کے جرم میں موقع پر گرفتار بھی ہو چکا ہے۔ جبکہ عابد شیر علی کی اور خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر دوبارہ گنتی کی گئی۔
الیکشن کو اس طرح مسخ کرنے کی سازش کا مقصد پاک فوج کو بدنام کرنا اور پی ٹی آئی کی مقبولیت پر منفی اثر ڈالنا تھا۔ لیکن عمران خان نے الیکشن بے ضابطگیوں پر تحقیقات کی دعوت دے کر منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے منہ بند کر دئے ہیں ۔جس طرح 2013 میں منظم دھاندلی کچھ عرصہ بعد بے نقاب ہوئی اسی طرح اس الیکشن کی بے ضابطگیاں کچھ عرصہ بعد عوام کے سامنے آ جائیں گی۔ آر ٹی ایس سافٹ ویئر کی ناکامی کے بارے میں الیکشن کمیشن نے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے جس سے انشاءاللہ حقائق سامنے آ جائیں گے ۔ نئی بننے والی اے پی سی اسی سازش کی کڑی ہے جس کا مقصد پاک افواج اور عدلیہ کو بدنام کرنا اور پارلیمنٹ کو کمزور کرنا ہے لیکن پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں عوام کی مدد سے ملک اور ملکی اداروں کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Weboy