روحانی فیض کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ،رزق حرام ہے لاثانی سرکار 

Published on October 13, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 357)      No Comments

فیصل آباد (یواین پی)امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان وناظم اعلیٰ صوم وصلوٰۃ کمیٹی آل پاکستان صوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکار نے مرکزی سیکرٹریٹ پر ہفتہ وارروحانی محفل ذکرونعت وتربیتی نشست میں شرکائے محفل کوروحانی نکات بتاتے ہوئے کہاکہ ایک دن کابخارپورے سال کے گناہوں کاکفارہ بن جاتاہے،جس طرح زکوٰۃ مال کوصاف کردیتی ہے اسی طرح ایک دن کابخار انسان کے پورے وجو دسے سال بھرکے گناہوں کوصاف کردیتاہے۔یہ انعامات الہٰیہ ہیں جبکہ ہم زبان سے کفریہ کلمات تک کہہ دیتے ہیں۔آپ نے دنیا وآخرت میں کامیابی کاراز بتاتے ہوئے کہاکہ ہر حال (خوشی اورغمی)میں عقیدہ مضبوط رکھیں اوراللہ تعالیٰ کے شکرگزاررہیں،ناشکری کرنے سے تمام نعمتیں چھین لی جاتی ہیں جبکہ شکراداکرنے سے نعمتیں زیادہ عطا کی جاتی ہیں۔اللہ ورسولﷺ کی بارگاہ اقدس میں نامنظوری کاسب سے بڑاسبب بتاتے ہوئے کہاکہ روحانی فیض کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ،رزق حرام ہے،سب سے پہلی احتیاط یہ کریں کہ رزق حرام آپ کے اندرنہ جائے یہ گندگی ہے اس سے بچنے کی ہرممکن کوشش کرتے رہیں۔شیطان انسان پرکس طرح حملہ آورہوتاہے آپ نے اس حوالے سے شرکاء کوبتایا کہ شیطان کاسب سے بڑاہتھیارانسان سے ناشکری کروانا اورعقیدہ کمزورکرناہے،اچھے برے حالات آتے جاتے رہتے ہیں اس لئے اپنی زبان سے کبھی بھی ناشکری اورکفریہ کلمات نہ نکالیں، جب آپ کہ دیتے ہیں کہ’’ یا اللہ توہماری دعائیں سنتاہی نہیں،ساری پریشانیاں ہماری ہی لئے ہیں،زندگی میں ہمارے لئے کوئی خوشی نہیں ،یارسول اللہ ﷺ آپ ﷺ بھی ہماری فریادیں نہیں سن رہے ،ہم نے مرشد کے آستانے پر اتنی حاضریاں بھی دی ہیں توپھر بھی ہمارے حالات نہیں بدل رہے ‘‘۔اس طرح کے کلمات ناشکری اورکفریہ کلمات میں آتے ہیں۔ہر ممکن کوشش کریں ایسے کلمات زبان سے ہرگز ہرگز نہ نکالیں۔دین کی بنیادی باتوں کانچوڑبتاتے ہوئے کہاکہ چندروزہ زندگی میں ہر انسان کیلئے خوشی اورغمی کے لمحات آتے رہتے ہیں ،ہر حال میں اپنا عقیدہ مضبوط رکھیں اوراللہ تعالیٰ جل شانہ کاشکراداکرتے رہیں،پریشانی کبھی آبھی جائے تواس کاواویلہ نہ کریں ،غیر وں کونہ بتائیں وہ تمہیں مزید طعنے دیں گے اورپریشان کریں گے،انہوں نے کیا دینا ہے جن کے باطن خبیث ہیں،ان کے آگے کیوں روئیں اوراپنی پریشانیاں بتائیں جبکہ ایسی باتیں تو صرف اپنوں کوہی بتائی جاتی ہیں ،رات کو اپنے خالق ومالک کی بارگاہ اقدس میں گڑگڑائیں اورعرض کریں اپنے مالک کے سامنے کریں جوسب کچھ عطافرمانے والاہے۔لوگوں کی کثیر تعداد نے روحانی فیوض وبرکات کے حصول کیلئے آپ کے دست حق پر بیعت کی سعادت حاصل کی ،شرکائے محفل کیلئے لنگر شریف کے وسیع انتظامات کئے گئے ،محفل کے اختتام پر ملک وملت کی سلامتی اوراستحکام کیلئے خصوصی دعاکی گئی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress主题