آصف زرداری کیخلاف شکنجہ مزید سخت، کیس دوبارہ کھولنے کا اشارہ

Published on December 6, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 241)      No Comments

اسلام آباد: (یواین پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ سے بینک اکاؤنٹس کی معلومات کا معاہدہ ہو گیا، آصف زرداری کا کیس دوبارہ کھولا جا سکتا ہے جبکہ نواز شریف کیخلاف وی وی آئی پی طیارے کے غلط استعمال کا ریفرنس دائر کیا جائے گا۔سوئٹزرلینڈ نے پاکستان کے ساتھ معاہدے کی توثیق کر دی ہے جس کے تحت حکومت پاکستان کو سوئس بینکوں کی تفصیلات حاصل ہو سکیں گی۔ معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے خلاف قومی خزانے کے پچیس کروڑ روپے ذاتی دوروں پر خرچ کرنے پر ریفرنس دائر کیا جائے گا۔اسلام آباد میں نیوز بریفنگ کے دوران شہزاد اکبر نے بتایا کہ سوئٹزرلینڈ کے ساتھ معاہدہ سائن کرنے میں پانچ سے چھ سال ضائع کئے گئے، تاہم سوئس حکام سے پرانی معلومات حاصل کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔شہزاد اکبر نے کہا کہ چار سے چھ ہفتوں میں پاکستانیوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات سوئس حکام سے مل جائیں گی۔ برٹش ورجن آئی لینڈ اور جرمنی سے بھی معاہدے کی کوششیں جا ری ہیں۔انھوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کی سوئس بینکوں میں رقم ساٹھ ملین ڈالرز سے بڑھ کر 72 ملین ڈالرز ہو چکی تھی۔ اومنی کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد رقم کی واپسی کے لیے سوئس بینکوں کے دروازے دوبارہ کھٹکھٹائے جا سکتے ہیں۔شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ وی وی آئی پی جہاز کے غلط استعمال پر ریفرنس کے لیے دستاویزات نیب کو بھجوا دی ہیں۔ نواز شریف نے پچیس نجی دوروں پر پچیس کروڑ روپے خرچ کر کے اختیارت کا غلط استعمال کیا۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا کہ حکومت نے غربت کے خاتمے کا ادارہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے سربراہ ڈاکٹر اشفاق حسن ہوں گے، یہ ادارہ تمام وفاق اور صوبوں کی سطح پر رابطے کر کے پالیسی مرتب کرے گا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题