آسٹریلیا نے آخری ون ڈے بھی جیت لیا، حارث سہیل کی سنچری رائیگاں

Published on April 1, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 409)      No Comments

دبئی: (یواین پی) آسٹریلیا نے پاکستان کو آخری ون ڈے میچ میں بھی شکست دے کر پاکستان کیخلاف کلین سوئپ کر دیا ہے۔ 328 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز بنا سکی۔یاد رہے کہ پاکستان اس سیریز کے پہلے چاروں میچ تسلسل کے ساتھ ہار چکا تھا اور اس میچ میں بھی پاکستان پر شکست کے سائے منڈلا رہے تھے۔ پاکستانی کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کیویز بلے بازوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اوپنرز کپتان فنچ اور عثمان خواجہ نے اس میچ میں بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوبصورت سٹروکس کے ساتھ اپنی اننگز کھیلیں۔عثمان خواجہ نے 111 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 10 چوکوں کی مدد سے 98 رنز بنائے جبکہ فنچ نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ان دونوں کے بعد آنے والے بلے بازوں مارش اور گلین میکسویل نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔ دونوں بلے بازوں نے ناصرف اپنی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا بلکہ نصف سنچریاں بھی سکور کیں۔ مارش نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61 رنز بنائے۔اس میچ کی خاص بات گلین میکسویل کی جارحانہ اننگز تھی۔ انہوں نے اپنے کھیل سے شائقین کرکٹ سے خوب داد سمیٹی۔ میکسویل نے صرف 33 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 10 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 70 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے اپنے 10 اوورز میں 49 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جنید خان نے 9 اوورز میں 73 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 327 رنز بنائے۔ رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں شان مسعود اور عابد علی میدان میں اترے لیکن پاکستان کو جلد ہی نقصان اٹھانا پڑا جب گزشتہ میچ میں ڈیبیو سنچری بنانے والے عابد علی بغیر کوئی کھاتہ کھولے واپس چلے گئے۔اس کے بعد شان مسعود اور حارث سہیل نے ٹیم کو سنبھالا۔ شان مسعود نے پچاس رنز کی اننگز کھیلی جبکہ حارث سہیل نے 11 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 130 رنز بنائے لیکن ان کی سنچری قومی ٹیم کی جیت میں کردار ادا نہ کر سکی۔دیگر بلے بازوں میں عمر اکمل 43 اور کپتان عماد وسیم 49 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Themes