وزیراعلیٰ پنجاب کا کاٹیج انڈسٹریز اور چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے بڑا قدام، آسان شرائط پر قرضے جاری کرنے کا فیصلہ

Published on November 13, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 196)      No Comments

لاہور(یواین پی)پنجاب حکومت نے صوبے میں کاٹیج انڈسٹریز اور چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے آسان شرائط پر قرضے کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے خطیر رقم بھی مختص کر دی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اس ضمن میں وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں کاٹیج انڈسٹریز کے فروغ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے صوبے کی صنعت ترقی کرے گی،سرمائے کی کمی کے باعث کاروبار کو وسعت نہ دینے والی صنعتوں کو ان قرضہ سکیموں سے بہت فائدہ ہوگا اور نوجوان نہ صرف ہنر سیکھیں گے بلکہ انہیں روزگار بھی ملے گا۔اجلاس کو بتایاگیا کہ کاٹیج انڈسٹریز کے لئے آسان شرائط پر قرض دینے کے پروگرام کیلئے 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ کاٹیج انڈسٹریز کو فروغ دینے کیلئے 3 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا۔ قرضے کی واپسی 3 برس میں ہوگی جبکہ3 ماہ کا گریس پیریڈ ہوگا۔ اسی طرح سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کیلئے 6 ارب روپے کی لاگت سے قرضے کی سکیم شروع کی جائے گی جس کے تحت 30 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا اور 6 ماہ کا گریس پیریڈ ہوگا۔ لون مارک اپ سپورٹ پروگرام کے تحت موجودہ ایس ایم ایز کو بھی آسان شرائط پر قرض ملے گا اور اس سکیم کیلئے 3 ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ درخواست کی وصولی سے قرض کی ادائیگی تک کا عمل انتہائی شفاف اور تیز رفتار ہونا چاہیئے اور محکمہ اس ضمن میں ٹائم لائن بنا کر حتمی رپورٹ پیش کرے۔ صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ،سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری اطلاعات ، ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ نے اجلاس میں شرکت کی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog