کرکٹرز نئے وینیوز پر عمدہ کارکردگی کیلیے بے تاب

Published on February 26, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 210)      No Comments

لاہور: (یواین پی) کرکٹرز پی ایس ایل کے نئے وینیوز ملتان اور راولپنڈی میں عمدہ کارکردگی کیلیے بے تاب ہیں۔بدھ کے روز ملتان میں میزبان سلطانز اور پشاور زلمی کا ٹکراؤ ہوگا، جمعرات کو راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، پہلی بار پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرنے والے دونوں وینیوز پر کرکٹرز شائقین کی جانب سے گرمجوشی دکھائے جانے کی توقع کررہے ہیں۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہاکہ ملتان سلطانز پہلی مرتبہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر ایکشن میں ہوں گے، امید ہے کہ شائقین ہوم ٹیم کو سپورٹ کرنے اسٹیڈیم ضرور آئیں گے، میں جارحانہ بیٹنگ اور اسپن بولنگ کے ذریعے تماشائیوں کو محظوظ کرنے کی کوشش کروں گا۔کپتان شان مسعود نے کہاکہ پی ایس ایل کے مکمل ایڈیشن کا پاکستان میں انعقاد خوش آئند ہے، خوشی کی بات ہے کہ لیگ کے میچز اب کراچی اور لاہور سے دیگر شہروں میں بھی منتقل ہورہے ہیں، ملتان سلطانز ہوم گراؤنڈ پر 3 میچز کھیلنے کیلیے بے تاب ہیں، یقین ہے کہ شائقین اسٹار کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کیلیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈرفہیم اشرف نے کہاکہ راولپنڈی میں بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ میچ کی الیون میں جگہ نہیں بن پائی لیکن اسکواڈ کے ساتھ موجود رہتے ہوئے شائقین کا جوش و خروش دیکھا، امید ہے کہ پی ایس ایل میچز کیلیے بھی شائقین کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم کا رخ کرے گی۔مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی نے کہاکہ ہوم گراؤنڈ پر تماشائیوں کی بھرپور سپورٹ ملنے کی امید ہے،میں جارحانہ بیٹنگ سے شائقین کرکٹ کو محظوظ کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy