گندم کے کاشتکار کنگی سے تحفظ کے لئے فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں،ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

Published on February 3, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 66)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ گندم ہمارے ملک کی ایک اہم فصل ہے۔پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی کے پیش نظر گندم کی فصل نہایت اہم اور نمایاں حیثیت کی حامل ہے کیونکہ ملکی غذائی ضرورت کا 75فیصد سے زیادہ گندم کی فصل سے ہی پورا ہوتا ہے لہٰذا ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر گندم کی پیداوار میں اضافہ نہایت ضروری ہے۔ گندم پر حملہ ہونے والی بیماریوں میں سے فصل کا کنگی سے تحفظ نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس بیماری کے حملہ کی صورت میں گندم کی فی ایکڑپیداوار میں 10 سے 30 فیصد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ بھوری اور زرد کنگی کا حملہ صرف گندم کے پتوں جبکہ سیاہ کنگی کا حملہ پتوں کی ڈنڈی یا تنے پر مشاہدہ میں آتا ہے۔اس لئے گندم کے کاشتکار فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں کیونکہ بارشوں کے بعد نمی والے موسم میں فصل پر کنگی کا حملہ ہو نے کا امکان ہوتا ہے۔ کُنگی کا حملہ سب سے پہلے کھیت کے کچھ حصے پر ٹکڑیوں کی صورت میں ظاہر ہوتاہے اور پھر وہاں سے پورے کھیت میں بیماری پھیل جاتی ہے۔ گندم کے کاشتکار باقاعدگی سے اپنی فصل کا معائنہ کریں اورکنگی کے حملہ کی صورت میں دستانوں کا استعمال کرتے ہوئے صرف متاثرہ پتوں کو توڑ کر زمین میں دبا دیں۔کسی بھی شدید حملہ کی صورت میں گندم کی فصل کے صرف متاثرہ حصوں پر محکمہ زراعت (توسیع یا پیسٹ وارننگ) کے مقامی عملہ کے مشورہ سے مناسب پھپھوندی کش زہروں کا سپرے کرے تاکہ بیماری مزید نہ پھیل سکے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Theme