اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 1 رن سے شکست دیدی 

Published on February 15, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 40)      No Comments

لاہور (یواین پی)پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2022 کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 1 رن سے شکست دیدی ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے پی ایس ایل کے 21 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ یونائیٹڈ کے اوپنرز نے دھواں دار آغاز ضرور کیا لیکن صرف 12 رنز کی شراکت بنا پائے۔ اختتامی اوورز میں فہیم اشرف نے جارحانہ کھیل پیش کیا جسکی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191رنز بنائے، فہیم نے 10 گیندوں پر 2 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 29رنز بنائے۔۔ 192 ہدف کے جواب میں کراچی کنگز کی ابتدا اچھی ثابت نہ ہوسکی۔ تیسرے اوور میں ہی 17 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم وکٹ کیپر اعظم خان کو کیچ دے بیٹھے۔ کپتان بابر اعظم صرف 13 رنز بناسکے جب کہ دو گیندوں بعد ہی بغیر کسی رن کا اضافہ کیے جان کلارک بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے جس کے بعد شرجیل خان نے ٹیم کو سنبھالا تاہم 76 کے مجموعی اسکور پر دوسرے اینڈ پر کھڑے صاحبزادہ فرحان 17 رنز بناکر شرجیل خان کو داغ مفارقت دے گئے۔اُن کا کیچ رحمان اللہ نے وقاص مقصود کی بال پر لیا۔ اس کے فوری بعد ان فارم شرجیل خان بھی آؤٹ ہوگئے۔ شرجیل خان نے 44 رنز بنائے وہ آصف علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ شرجیل خان کے پویلین لوٹتے ہی محمد نبی صرف 3 رن بناکر کلین بولڈ ہوگئے انھیں بھی آصف علی نے شکار کیا۔ عماد وسیم اور نوجوان قاسم اکرم نے عمدہ شراکت اور جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔عماد وسیم اور قاسم نے صرف 52 گینوں پر 108رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔ جب عماد وسیم میچ کے آخری اوور میں 28 گیندوں پر 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کراچی کنگز کو تین گیندوں پر فتح کے لیے چار رنز درکار تھے۔ وقاص مقصود کی اگلی گیند وائیڈ قرار دی گئی، قاسم نے سنگل رن لیا تو کراچی کنگز کو دو گیندوں پر دو رنز درکار تھے۔تاہم وقاص نے نئے بلے باز جورڈن تھامسن کو بولڈ کردیا اور اس طرح آخری گیند پر کنگز کوفتح کے لیے دو رنز درکار تھے۔ آخری گیند پر کرس جورڈن نے سنگل رن لینے کی کوشش کی لیکن گیند واپس باؤلر کے پاس گئی جنہوں نے براہ راست تھرو پر انگلش بلے باز کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Weboy