پی ایس ایل 8: کوئٹہ ہوم گراؤنڈ پر پشاور سے مقابلے کو تیار

Published on February 5, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 44)      No Comments

کوئٹہ (یو این پی)پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کا نمائشی میچ آج کوئٹہ کے بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والے میچ کے لیے اسٹیڈیم میں تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔کوئٹہ میں ہونے والے پی ایس ایل کے نمائشی میچ کے لیے میدان سج گیا ہے، بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، اسٹیڈیم کے اندر اور باہر دونوں ٹیموں اور کھلاڑیوں کے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے کھلاڑی اور آفیشلز کوئٹہ پہنچ گئے ہیں، جبکہ سابق اسٹار کرکٹر شاہد خان آفریدی، جاوید میاں داد، معین خان بھی میچ دیکھنے کوئٹہ آگئے ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں صبح 10 بجے بگٹی اسٹیڈیم پہنچیں گی اور ہلکی پھلکی پریکٹس کریں گی۔دن گیارہ بجے میچ کا ٹاس ہوگا اور ساڑے گیارہ بجے میچ کا آغاز ہوگا۔ٹی 20 نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد اور پشاور زلمی کی قیادت قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کریں گے۔نمائشی میچ کے لیے اسٹیڈیم اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر لیے گئے ہیں، 4 ہزار سے زائد پولیس اور فرنٹیئر کور کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔نمائشی میچ کیلئے خصوصی پاس اور ٹرانسپورٹ کیلئے اسٹیکرز کا اجرا کیا گیا ہے، روٹس کے ساتھ ساتھ شائقین اور آفیشلز کو بھی چیکنگ کے بعد گراونڈ میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں ڈرون کیمرے کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی، میچ دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ اپنا ٹکٹ دکھا کر اسٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے۔پاکستانی جھنڈے کے علاوہ کوئی دوسرا جھنڈا اسٹیڈیم میں لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Weboy