اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی قرار داد جمع

Published on May 31, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 65)      No Comments

گلگت بلتستان(یواین پی)اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد علی زیدی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کے لیے قرار داد جمع کروادی گئی ہے۔تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اسپیکر جی بی اسمبلی سید امجد زیدی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کی غرض سے پی ٹی آئی ہی کے ہم خیال گروپ سے تعلق رکھنے والے سینئر وزیر راجہ ذکریا مقپون اور صوبائی وزیر خزانہ جاوید علی منوا نے منگل کی شام کو سیکریٹری جی بی اسمبلی کے پاس جمع کروایا۔قرارداد پر 16 ارکان اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔ جس کی تصدیق اسمبلی ذرائع نے کردی ہے۔ 33 رکنی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے 17 ارکان کی حمایت درکار ہے۔پی ٹی آئی ہم خیال گروپ کے دعوے کے مطابق جی بی میں 2020 کے انتخابات کے نتیجے میں بننے والی تحریک انصاف کی حکومت کی تشکیل کے وقت اسپیکر کے عہدے کے لیے پی ٹی آئی کے 2 امیدوار سامنے آئے تھے۔اس وجہ سے پارٹی کے صوبائی قائدین کی موجودگی میں یہ طے ہوا تھا کہ حلف اٹھانے کی تاریخ 25 نومبر 2020 تا 25 مئی 2023 ڈھائی سال کے عرصے کے لیے سید امجد زیدی اسپیکر کے عہدے پر فائز رہیں گے جبکہ باقی ماندہ ڈھائی سال کے لیے موجودہ ڈپٹی اسپیکر نذیر احمد ایڈوکیٹ اسپیکر کا عہدہ سنبھال لیں گے۔ہم خیال گروپ کے مطابق امجد علی زیدی کی جانب سے مدت پوری ہونے کے باوجود عہدہ خالی کرنے سے انکار کے باعث اب پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کی مشاورت سے اسپیکر کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔ہم خیال گروپ کا کہنا ہے کہ اسپیکر کو ہٹانے کے لیے اپوزیشن ارکان سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes