ضلع کونسل ٹھٹھہ کا 53 کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد کا بجٹ منظور

Published on August 1, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 73)      No Comments

ٹھٹھہ(یواین پی/ حمید چنڈ) : ضلع کونسل ٹھٹھہ کا بجٹ اجلاس برائے سال 2023-24 چیئرمن عبدالحمید پنہور کی زیر صدارت شہید بینظیر بھٹو ہال میں منعقد ہوا، اس موقع پر چیئرمن ضلع کونسل عبدالحمید پنہور نے 53 کروڑ 48 لاکھ 18 ہزار 532 روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش کیا جوکہ ایک لاکھ 56 ہزار 243 روپے کا بچت بچٹ ہے۔ چیئرمن ضلع کونسل نے بتایا کہ تنخواہ اور پینشن کے اخراجات کی مد میں 25 کروڑ 85 لاکھ 38 ہزار 532 روپے مختص کئے گئے ہیں، اسی طرح آفس کے متفرقہ اخراجات کی مد میں 2 کروڑ 22 لاکھ 78 ہزار روپے، سرکاری اور غیر سرکاری اخراجات کی مد میں 25 لاکھ روپے، عوامی فلاح و بہبود کیلئے 80 لاکھ روپے، بقایاجات کی ادائگی کیلئے 2 کروڑ 30 لاکھ روپے، قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کیلئے ایک کروڑ روپے، آفس پراپرٹی کی مرمت اور تزئین و آرائش کیلئے 80 لاکھ روپے، جاری ترقیاتی اخراجات کی مد میں ایک کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ سال -24 2023 کیلئے نئے ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 19 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ قبل ازیں چیئرمن ضلع کونسل عبدالحمید پنہور نے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے خوشی کا دن ہے کہ آج ہم اپنی کونسل کا پہلا بجٹ پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت اور ٹھٹھہ کے عوام کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اس منصب پر فائز کیا، پیپلز پارٹی کے منشور پر عمل کرتے ہوئے ضلع کے عوام کی خدمت کا عہد کرتا ہوں۔ انہوں نے ممبران سے کہا کہ آپ کے مشورے اور اعتماد میری بڑی طاقت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ بجٹ میں کوئی بھی نیا ٹیکس لاگو نہیں کیا گیا ہے، اس بجٹ میں ہم نے 45 فیصد رقم ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود، غریبوں اور ذہین و مستحق طلبہ کی مدد کیلئے جبکہ 45 فیصد رقم تنخواہوں اور پینشن کیلئے اور 10 فیصد رقم سرکاری اور غیر سرکاری اخراجات کی مد میں رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ غیر ضروری اخراجات کم کرکے فنڈز اس ضلع کی عوام کے فلاح و بہبود کیلئۓ خرچ کئے جائیں۔ بعد ازاں بجٹ بحث کے بعد متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ چیئرمن ضلع کونسل عبدالحمید پنہور نے کہا کہ وہ ضلع کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہیں تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس میں ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی جبکہ باجوڑ بم دھماکے کی مذمت کی قرارداد پیش کی گئی اور شہداء کے ایثال ثواب کیلئے بھی دعا کی گئی۔ بعد ازیں ضلع کونسل کے ممبران کی جانب سے ضلع میں صحت، تعلیم، سڑکوں کی مرمت، پانی کی تقسیم، فائر فائٹر، ایمبولیس اور ضلع کونسل کی ڈسپینریوں کی بحالی و دیگر عوامی مسائل پیش کئے گئے، جس پر چیئرمن ضلع کونسل نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں چیف آفیسر سید علی حیدر شاہ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر محفوظ علی سومرو سمیت ضلع کونسل کے مرد و خواتین ممبران سمیت صحافی برادری اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Themes