چینی سفیر سن وی ڈونگ کی وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات

Published on June 15, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 306)      No Comments

2
اسلام آباد ۔۔۔پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے ہفتہ کو یہاں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے سفیر کو حالیہ اقتصادی اعشاریوں اور گزشتہ ایک سال کے دوران معاشی ترقی کے بارے میں آگاہ کیا اور بجٹ اقدامات کو اجاگر کیا جس میں پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے مراعات رکھی گئی ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ نئی مراعات سے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکے گا۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں چین کے کردار کی تعریف کی۔ وزیر خزانہ نے توانائی کے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جس سے بجلی کی قلت دور کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے چینی تعاون کے ساتھ شروع کئے گئے منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے فاسٹ ٹریک پالیسی اختیار کی ہے۔ ان کوششوں سے نہ صرف چینی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں بلکہ روزگار اورتجارت، ترقی کے امکانات پیدا ہو رہے ہیں۔ چینی سفیر نے اقتصادی کامیابیوں پر وزیر خزانہ کو مبارکباد دی جو ایک سال کے دوران حاصل کی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم بجٹ تقریر اور اسکی پریذینٹیشن سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے پاک۔چین اقتصادی تعاون کی اہمیت کواجاگر کیا اور کہا کہ دونوں حکومتوں کا مقصد پائیدار دوستی کو مزید مستحکم بنانا ہیں چین دونوں ممالک کے درمیان موجودہ ٹھوس اور سٹریٹجک شراکت داری میں مزیداضافے میں مدد فراہم کریگا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا اور حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ ایک مضبوط پاکستان ہماری طاقت ہے۔ ملاقات میں پی اے ای سی کے چیئرمین انصر پرویز، اٹارنی جنرل سلمان بٹ، سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، وزارت خزانہ کے مشیر رانا اسد امین اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog