سندھ حکومت کا 14 اگست کو یوم آزادی کی تقریبات بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ

Published on August 9, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 415)      No Comments

07
کراچی۔ ۔۔ سندھ حکومت نے14 اگست کو یوم آزادی کی تقریبات بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ جمعہ کو یوم آزادی کی تقریبات کے متعلق سندھ کابینہ کی کمیٹی کے سربراہ اور سینئر وزیر تعلیم نثاراحمد کھوڑو کی صدارت میں کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کی سلامتی، ملک میں جمہوریت کو بچانے کیلئے کردار ادا کرنے والی عوام سمیت ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے قربانی دینے والے فوجی جوانوں کو سلام پیش کر کے یہ عہد کیا جائے گا کہ ملکی بقاء، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی، اداروں کی آزادی اور جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی وزیر فیصل سبزواری، شرمیلا فاروقی، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، سیکریٹری جنرل ایڈمینسٹریشن، سیکرٹری کلچر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ یوم آزادی سندھ بھر میں بھرپور طریقے سے منایا جائیگا اس حوالے سے14 اگست یوم آزادی کی شروعات صوبے میں 21 توپوں کی سلامی سے کی جائیگی۔ سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرزاور ہائی اسکولوں میں یوم آزادی کی تقریبات منعقد کی جائیگی جبکہ یوم آزادی کے سلسلے میں 13 اگست کی رات سے سندھ اسمبلی، سندھ سیکریٹریٹ سمیت دیگر سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائیگا جبکہ رات کو 10 بجے سندھ اسمبلی میں موم بتیاں جلانے کی تقریب ہوگی جس میں اراکین سندھ اسمبلی شرکت کریں گے۔ کمیٹی کے سربراہ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ 13 اگست کی رات کو شہداء کارساز کے مقام پرموم بتیاں جلا کر شہداء جمہوریت سمیت ملکی سلامتی کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے فوجی جوانوں کوخراج تحسین پیش کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کی صبح 9 بجے گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ اور ارکین سندھ کابینہ مزار قائد پر حاضری دینگے اور قومی ترانے کے ساتھ قومی جھنڈا لہرایا جائے گاجبکہ سندھ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھی تقریبات ہونگیں جس میں صبح 9 بجے قومی ترانے کے ساتھ قومی جھنڈا لہرا کر سائرن بجائے جائینگے اور ہر اسکول، ہر گھر سے ہوا میں غبارے اور کبوتر چھوڑے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو سندھ کے تمام ہائی اسکولوں میں بھی یوم آزادی کی تقریبات ہونگی جس میں طالب علم ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو سندھ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں آتشبازی کی تقریبات ہونگیں جبکہ کراچی میں شام کو شہید بینظیر پارک میں آتشبازی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو صوبے میں گدھوں کی ریس اور ملاکھڑے کی تقریبات ہونگیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے سلسلے میں محکمہ یوتھ افیئرز کی جانب سے 10 اگست سے پورا ہفتہ کراچی میں یوتھ فیسٹول منایا جائیگا جبکہ محکمہ ثقافت کی جانب سے 14 اگست کی رات کو ساتھ بجے آرٹس کونسل کراچی میں میگا میوزیکل شو منعقد کیا جائیگا جبکہ 13 اگست سے 15 اگست تک اسٹاف فلیگ ہاؤس کراچی میں آزادی کی تحریک کے کرداروں کی تصویری نمائش ہوگی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Themes