مظفرآباد(یو این پی )پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ کیانی نے کہا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں پی ٹی آئی کو آزادکشمیر میں ناقابل تسخیر قوت بنائیں گے، آزادکشمیر میں سونامی کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی، آزادخطہ سے کرپشن کا خاتمہ اور انصاف کی فراہمی پی ٹی آئی کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے ، آزادکشمیر میں اب مقابلہ ن اور جنون کا ہوگا ، دنیا کی کوئی طاقت جنون کو ہرا نہیں سکتی ۔ قوم کی دولت لوٹنے والوں کو حساب دینا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا ، شازیہ کیانی نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی سچائی پر مبنی سیاسی جدو جہد جلد رنگ لائے گی ۔کرپٹ اور دھاندلی زدہ حکمران بہت جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے ۔2015ء آزادکشمیر اور پاکستان میں نئے انتخابات کا سال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنیقائد پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن کو گھر گھر تک پہنچائیں گے ۔ہمارے مخالفین کو اپنے وسائل کا گھمنڈ ہے جبکہ ہم اپنے جنون کی طاقت پر بھروسہ کررہے ہیں،عمران خان کے کھلاڑی اپنے جنون کی طاقت سے مخالفین کی صفوں کو چیر کر، پھاڑ کر، روند کر منزل مقصود پر جلوہ افروز ہوں گے، شازیہ کیانی نے کہا کہ میرپور کے غیور عوام نے زرداری اور نواز کی مفاہمتی پالیسی کو خاک میں ملایا۔ میرپور ضمنی الیکشن میں آزادکشمیر کے عام انتخاب کے لیے راہ کا تعین کر دیا ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی طرح آزادکشمیر کی عوام بھی تبدیلی چاہتی ہے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے نہ کہ صرف الیکشن میں کامیابی حاصل کی بلکہ وفاقی آزاد حکومت اور سندھ حکومت کو واضح شکست بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کشمیریوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں عوامی حقوق ،تحریک آزادی کشمیر کیلئے انکی گراں قدر خدمات ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس کے باعث آج عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کی اہمیت کا ادراک ہو گیا ہے تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ ساتھ عوامی حقوق کیلئے بھی انکی گراں قدر خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا ہم توقع رکھتے ہیں کہ قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اپنی دانشمندی ،فہم و فراست اور سیاسی حکمت عملی کے تحت آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کی تنظیم نو اور اس آمدہ الیکشن میں اس کی کامیابی میں اہم کردار اداکرینگے۔ پی ٹی آئی کے رضاکار اور تبدیلی کی خواہش مند گھر گھر جا کر لوگوں کو بیدار کرینگے۔