عمر گل کی کیریئر ختم ہونے کی قیاس آرائیوں کی تردید

Published on April 12, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 1,249)      No Comments

555
کراچی(یو این پی) قومی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر عمر گل نے کیریئر ختم ہونے کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں اور جلد قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ انجری اور خراب فارم کے سبب ایک عرصے سے ٹیم سے باہر رہنے والے عمر گل کا کہنا تھا کہ جب میں 2004 میں انجری کا شکار ہوا تھا تو اس وقت بھی لوگوں نے کہا تھا کہ میرا کیریئر ختم ہو چکا ہے لیکن میں نے بہترین انداز میں واپسی کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کیا کہتے ہیں میں اس پر یقین نہیں رکھتا، میں اپنی فٹنس پر کام کر رہا ہوں، اپنے آپ پر یقین ہے اور بہت جلد ٹیم میں واپس آؤں گا۔ فاسٹ باؤلر نے کہا کہ میں مکمل فٹ اور بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں، حال ہی میں ڈومیسٹ کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ میں شرکت کی تھی جبکہ ایک ہفتہ قبل پشاور میں کلب کرکٹ میں بھی حصہ لیا تھا۔ اپنی ناقص فارم اور ٹیم میں جگہ نہ بنانے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ میں سات آٹھ ماہ بعد کم بیک کر رہا تھا اور مجھے کافی حیرانی ہوئی کہ سلیکشن کمیٹی نے محض ایک میچ بعد ہی مجھے ٹیم سے باہر کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ میں نے پاکستان سپر لیگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، میں وہ واحد باؤلر تھا جس نے اوس پڑنے کے باوجود یارکرز کیں، کسی بھی کھلاڑی کے معیار کو پرکھنے کے لیے مناسب موقع دینا چاہیے۔ دو دن بعد اپنی 32 ویں سالگرہ منانے والے عمر گل نے کہا کہ مزید تین سے چار سال کرکٹ کھیل سکتے ہیں اور وقت آنے پر یہ بات ثابت کر دیں گے۔ فاسٹ باؤلر نے قومی ٹیم کی ناقص کارکرردگی کی وجہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں میں تواتر کے ساتھ تبدیلیوں کو قرار دیا۔’میرا ماننا ہے کہ ہم ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہے لیکن ٹیسٹ میں ہماری کارکردگی بہترین ہے۔ اس ناکامی کی وجہ یہ ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کے مقابلے میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیاں کی جاتی ہیں۔ دیگر فارمیٹس میں بھی کھلاڑیوں کو صحیح طریقے سے مواقع فراہم کیے جانے کی ضرورت ہے ورنہ ہماری کارکردگی میں تنزلی کا سلسلہ جاری رہے گا’۔ انہوں نے کہا کہ ‘ہمارے پاس دائیں ہاتھ کے معیاری فاسٹ باؤلرز کی شدید کمی ہے۔ میرا ماننا ہے کہ ہمارے ہیڈ کوچ کو اس بات کا جواب دینا چاہیے کیونکہ ان کے پاس ذمے داری تھی، وہ کیوں بہتر فاسٹ باؤلر پیدا نہیں کر سکے اور ہمارے فاسٹ باؤلر اچھی کارکردگی کیوں نہیں دکھا پا رہے۔ ان سے اس بات کی جواب طلبی ہونی چاہیے کیونکہ ماضی میں پاکستانی فاسٹ باؤلرز ہی میچ جتوانے میں مدد کرتے رہے ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy