اولڈ ٹریفورڈ(یو این پی) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج شروع ہورہا ہے۔ اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر3 بجے ٹکرائیں گی، لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کے بعد اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ کی پچ بھی پاکستانی بولروں کے لئے سازگار قرار دی جارہی ہے جب کہ انگلش فزیو اپنے کھلاڑیوں کو پرسکون رہنے کی تلقین کررہے ہیں۔پاکستان ٹیم میں دوسرے ٹیسٹ کے لئے کسی تبدیلی کا امکان نہیں اور امکان ہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں فتحیاب ٹیم کو ہی برقرار رکھا جائے گا جب کہ انگلش اسکواڈ میں 2 سے 3 تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں، لارڈز ٹیسٹ میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کی بہترین فارم دیکھتے ہوئے انگلش اسکواڈ میں اسپنر عادل رشید کو طلب کرلیا گیا ہے کہ جب کہ فاسٹ بولر جیمز انڈریسن بھی اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ کا حصہ ہوں گے۔