ہم صحیح راستے پر چل پڑے ہیں،کامیابی کی منزل نظر آ رہی ہے؛صدر مملکت ممنون حسین

Published on January 10, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 313)      No Comments

mamnunاسلام آباد (یوا ین پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے بھر پور استفادہ کیلئے نئی نسل کا کردار اہم ہے اور پاکستان میں پیدا ہونے والے نئے امکانات سے مستفید ہونے کیلئے طلبہ خود کو بھرپور انداز میں تیار کریں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو ایوان صدر میں سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کراچی کے طلباء کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی جس میں وزیر مملکت برائے تعلیم اور پروفشنل ٹریننگ انجنیئر بلیغ الرحمن اور وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کے علاوہ اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کو قائداعظم سے نسبت کی وجہ سے دوسرے اداروں سے ممتاز مقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا کردار اد ا کر رہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ طلباء خود کو جدید تعلیم سے آراستہ کرکے معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے ادارے کی جانب سے شروع کئے گئے نیشنل لیڈر شپ پروگرام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں اس پروگرام سے نوجوان طبقہ کو بہت فائدہ حاصل ہو گا اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔ صدر مملکت نے زور دیا کہ جامعات بہترین فیکلٹی کے انتخاب سے اپنے معیار میں مزید اضافہ کریں۔ صدر مملکت نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے وہ اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے چند ادوار میں کرپشن ، بدانتظامی اور نااہلی کی وجہ سے ملک معاشی مسائل سے دوچار رہا ہے لیکن اب ہم صحیح راستے پر چل پڑے ہیں اور کامیابی کی منزل نظر آ رہی ہے لیکن ضروری ہے کہ سب ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کیلئے سوچیں اور اس کی ترقی کیلئے بھرپور محنت کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ طلباء جدید تعلیم حاصل کرکے اپنا فریضہ سر انجام دیں تاکہ مستقبل میں ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سی پیک منصوبہ خطہ میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے پوری قوم خاص طور پر نوجوان خود کو تیار رکھیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان قومی یکجہتی میں کلیدی کردار ادا کریں اور ملک کے خلاف عناصر کی سرکوبی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اعلیٰ تعلیم ضرور حاصل کریں اور اس کے حصول کیلئے اگر بیرون ملک بھی جانا پڑے تو ضرور جائیں لیکن اپنی تہذیت کو نہ بھولیں کیونکہ وہی قومیں کامیاب رہتی ہیں جو اپنی تہذیب کو قائم رکھتی ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress主题