فلپائن: سیاحتی علاقے میں دہشتگردوں کا حملہ، 9 افراد ہلاک

Published on April 12, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 337)      No Comments


فلپائن(یو این پی)فلپائن کے سیاحتی علاقے بوہول میں مبینہ طور پر اغوا کی وارداتوں میں ملوث ابوسیاف گروپ کے ساتھ جھڑپوں میں چار سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ جھڑپ کے دوران پانچ مسلح افراد کو مارا گیا جبکہ ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ دولت اسلامیہ (داعش) کا حصہ سمجھے جانے والے گروپ کی جانب سے فلپائن کے مرکزی سیاحتی علاقے میں حالیہ برسوں میں یہ پہلا حملہ ہے جبکہ مغربی علاقوں میں غیر ملکیوں کو عام طور پر ہدف بناتے ہیں۔ تازہ جھڑپ کا واقعہ فلپائن کے ایک مضافاتی علاقے میں پیش آیا جہاں پہنچنے کے لیے دہشت گردوں نے تیز رفتار کشتیوں کا استعمال کیا اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مقابلہ ہوا۔ امریکا اور آسٹریلیا کے سفارت خانوں کی جانب سے اپنے شہریوں کو رواں ہفتے میں بوہول اور سیبو میں ‘دہشت گرد’ گروہوں’ کی جانب سے ممکنہ طور پر اغوا کے واقعات سے خبردار کیا گیا تھا۔ امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ‘امریکی سفارت خانے کو غیر مصدقہ لیکن قابل اعتبار معلومات موصول ہوئی ہیں کہ دہشت گردوں کی جانب سے وسطی ویسایاس میں اغوا کی وارداتیں ہوسکتی ہیں جو سیبو اور بوہول دونوں اضلاع میں شامل ہے’۔ فلپائن کی فوج کے ترجمان برگیڈئیر جنرل ریستیٹو پڈیلا کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز ‘قانون کو ہاتھ میں لینے والے چند عناصر کی منظم سرگرمیوں سے نمٹنے’ کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ہماری فورسز کے پاس منڈاناؤ سے تعلق رکھنے والا ابوسیاف گروپ کی مسلح کارروائیوں کو روکنے کی صلاحیت ہے’۔ پولیس اور فوج کے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جھڑپ میں تین فوجی اور ایک پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوا۔ فلپائن کا سیاحتی علاقہ بوہول قدرتی آبشاروں، دریاؤں اور ساحلوں کی بدولت ملکی اور غیرملک سیاحوں میں مقبول ہے جہاں جھڑپ کے وقت مقامی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ خیال رہے کہ ابوسیاف گروپ ملائیشیا کے قریب جولو کے علاقوں میں بھی سرگرم ہے اور رواں سال جرمن سیاح اور گزشتہ سال تین کینیڈین سیاحوں کو اغوا کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress主题