حکومت پتھراو کرنے والوں کو ادائیگی کررہی ہے ؛ڈاکٹر فاروق عبداللہ

Published on April 14, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 411)      No Comments

سری نگر(یو این پی)نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ریاستی حکومت پر کم پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے سنگ بازوں کی خدمات حاصل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ملک پتھر بازی میں ملوث نوجوانوں کے مستقبل کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہے ۔ یہاں منعقدہ ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ شاید کئی سنگ بازوں کو حکومت کی طرف سے ادائیگی کی جا رہی ہے تا کہ ایسا ماحول بنایا جائے کہ عام لوگ ووٹ ڈالنے کے لئے باہر نہ نکل سکیں۔انہوں نے کہا کہ پتھر بازی کرنے والے نوجوانوں کی بھی کچھ شکایات ہیں لیکن ملک اس کے بارے میں متفکر نہیں ہے ۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ نوجوان قومی جذبات سے کھلواڑ نہیں کر رہے ہیں تو ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ قوم کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے کیا معنی ہیں؟کیا آپ سمجھتے ہیں کہ ان نوجوانوں کو کوئی شکایت نہیں ہے؟ آپ صرف ملک کے بارے میں متفکر ہیں لیکن ملک ان نوجوانوں اور ان کے مستقبل کے بارے میں متفکر نہیں ہے ۔حکومت کو پوری طرح سے ناکام قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج حکومت کیا کر رہی ہے ؟ ہمارے دور میں 29فیصد پولنگ ہوئی تھی جب کہ اب کی بارصرف7فیصد ووٹ پڑے ہیں، اس کے لئے کون ذمہ دار ہے؟سوشل میڈیا پر وائر ل اس ویڈیو، جس میں سی آر پی ایف کے جوانوں کے ساتھ کچھ نوجوان بد سلوکی کر رہے ہیں کے بارے میں پوچھے جانے پر ڈاکٹر عبداللہ نے سی آ رپی ایف اہلکاروں کی طرف سے دکھائے جانے والے صبر و تحمل کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات رونما نہیں ہونے چاہئیں، اگر اہلکار جوابی کارروائی کرتے تو حالات مزید خراب ہو سکتے تھے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ہر نوجوان ایسا نہیں ہے اس لئے ایسی باتوں کو اچھالا نہیں جانا چاہئے۔
Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog