ماہ صیام سے قبل ہی پھل اور سبزی کی قیمتوں میں اضافہ

Published on May 11, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 736)      No Comments

فیصل آباد(یواین پی) ماہ رمضان سے قبل ہی ذخیرہ اندوزوں نے شہر میں اشیائے ضروریہ کی مصنوعی قلت پیدا کردی۔ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے ماہ صیام سے پہلے ہی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو پر لگ گئے، شہر میں سرکاری نرخ نامہ پر عمل درآمد ایک خواب بن کر رہ گیا۔ مختلف بازاروں کے سروے کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ سبزیوں پھلوں کی قیمتیں مارکیٹ کمیٹی کی فراہم کردہ فہرست سے یکسر مختلف ہیں۔ مارکیٹ کمیٹی کی فہرست کے مطابق آلو کی قیمت 28روپے لیکن دکانوں پر چالیس روپے کلو دستیاب ہے، پیاز کی قیمت 21 روپے جو چالیس روپے کلو مل رہا ہے، ادرک کی قیمت 140روپے مقرر لیکن دکانوں پر یہ دو سو روپے کلو، لہسن 100 کے بجائے 150روپے کلو، لیموں 170کے بجائے 200روپے کلو، ٹینڈے 30روپے کے بجائے پچاس، بھنڈی توری 55روپے کے بجائے مارکیٹ میں 80روپے کلو، پھلیاں 105 کے بجائے 130، کریلا 44 کے بجائے 80روپے، پالک 18کے بجائے 30روپے، شلجم 36کے بجائے 50، سبز مرچ 26روپے کے بجائے 40روپے کلو مل رہی ہے۔اسی طرح پھلوں میں سیب کالا کلو 150 روپے کلو کے بجائے 200 روپے، کیلا 100 کے بجائے 150 روپے فی درجن، انار قندھاری کا ریٹ 200روپے کے بجائے چار سو روپے فی کلو، خربوزہ 50کے بجائے 80روپے، لوکاٹ 85کے بجائے ایک سو روپے، فالسہ 150 روپے کے بجائے دو سو روپے، سٹابری 70روپے کے بجائے 130روپے کلو بک رہی ہے۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ مارکیٹ کمیٹی کے چونچلے اور اپنے اخراجات پورے کرنا ہوتے ہیں لہذا سرکاری ریٹ پر اشیاء فروخت نہیں کی جاسکتیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Premium WordPress Themes