ایک ماہ میں حکومت کی جو کارکردگی خارجہ پالیسی کے محاذ پر رہی اس میں پاکستان کو خفت اٹھانی پڑی :خواجہ آصف

Published on September 26, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 223)      No Comments

اسلام آباد(یواین پی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ایک ماہ میں حکومت کی جو کارکردگی خارجہ پالیسی کے محاذ پر رہی اس میں پاکستان کو خفت اٹھانی پڑی ہے، پی ٹی آئی والوں نے کہا کہ وہ 10 ارب لے آئے ہیں ، اب یہ نہیں پتا چلا ارب الف سے تھا یا عین سے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ناپختہ اور بچگانہ نقطہ نظر رہا ہے اور ان حرکتوں سے پاکستان کے وقار کو دھچکا پہنچا، ایک ماہ میں حکومت کی جو کارکردگی خارجہ پالیسی کے محاذ پر رہی اس میں پاکستان کو خفت اٹھانی پڑی ہے، پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کے حوالے سے بھارت کے انکار پر پاکستان کو دھچکا لگا اور پاکستان کو شرمندگی اٹھانی پڑی ۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے دورے کے حوالے سے کہا گیا کہ نئے سرے سے تعلقات کا آغاز ہوا لیکن 24 گھنٹے میں ان دعوؤں کا کچا چھٹا سامنے آگیا اورامریکی وزیر خارجہ کا بھارت میں بیان پاکستان دوستی نہیں دشمنی پر مبنی تھا، کہا گیا کہ فرانس سے کال آئی ہم نے نہیں لی، یہ بھی پاکستان کے لیے شرمندگی کا باعث بنا۔خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک پر بھی شکوک و شبہات پیدا کیے گئے جب کہ افغان مہاجرین کو پاسپورٹ دینے والے بیان کو بعد میں تجویز کہہ دیا گیا، وزیراعظم عمران خان سعودی عرب گئے تو پی ٹی آئی والوں نے کہا کہ وہ 10 ارب لے آئے ہیں ، اب یہ نہیں پتا چلا ارب الف سے تھا یا عین سے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy