آج 6 ستمبر کو یوم دفاع اور یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جائے گا

Published on September 6, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 278)      No Comments

راولپنڈی (یواین پی)ملک بھرمیں آج 6 ستمبر کو یوم دفاع پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے یوم دفاع پر ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منانے کی ہدایت دی ہے جس کے بعد اب سرکاری اداروں اور صوبائی دارالحکومتوں میں یوم دفاع اور کشمیر پر مختلف تقریبات منعقد ہوں گی۔مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوگی، پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ سلامی دے گا اور گارڈز کی ذمہ داری سنبھالے گا، میانی صاحب قبرستان میں میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر پھول چڑھائے جائیں گے اورفاتحہ خوانی ہوگی، پاک فوج کے جوان سلامی دیں گے۔برکی علاقہ میں میجر عزیز بھٹی شہید، باٹا پور اور مناواں میں 1965ء کی جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہدا کی یادگاروں پر حکومتی، فوجی شخصیات اور عام شہریوں کی طرف سے پھول چڑھائے جائیں گے اور فاتحہ خوانی ہوگی۔پاکستان ائیر فورس کے زیر اہتمام ائیر بیس لاہور میں پاک فضائیہ کے زیر استعمال جنگی طیاروں اور دیگر سازو سامان کی نمائش ہوگی جبکہ ائیر فورس کے جدید طیارے فلائی مارچ کریں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ یوم دفاع کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا، وزیراعظم نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومتوں میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں جس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے جب کہ پاکستان بھر کے عوام یوم دفاع پر شہداء کے خاندانوں کے پاس پہنچیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم یوم دفاع کشمیری شہداء کے ساتھ منانے کے لیے کل آزاد کشمیر کے صدر مقام مظفرآباد جائیں گے جہاں وزیراعظم کشمیری شہداء کی یاد میں تقریب سے خطاب کریں گے۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Blog