ہیلتھ کار ڈ کا اجرا حکومت کا شاندار فلاحی اقدام ہے،اب تک 20لاکھ لوگ مستفیدہوئے فرخ حبیب

Published on February 9, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 41)      No Comments

چھیالیس ارب کے کلیمز کی ادائیگی ہو چکی ہے،فیصل آباد کے 32لاکھ گھرانے اس سے مستفید ہوں گے،فرخ حبیب کا وزیر اعظم کی آمد پر خطبہ استقبالیہ
فیصل آباد (یو این پی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ ہیلتھ کار ڈ کا اجرا حکومت کا شاندار فلاحی اقدام ہے اور اب تک 20لاکھ لوگ اس سے مستفید اور 46ارب کے کلیمز کی ادائیگی ہو چکی ہے جبکہ فیصل آباد کے 32لاکھ گھرانے بھی اس سے مستفید ہوں گے۔وہ بدھ کی دوپہر فیصل آباد ڈویژن کے ڈیڑھ کروڑ آبادی پر مشتمل32لاکھ خاندانوں کیلئے ہیلتھ کارڈ کے اجرا کی افتتاحی تقریب کی غرض سے وزیر اعظم عمران خان کی جامعہ زرعیہ فیصل آباد آمد کے موقع پر منعقدہ تقریب میں خطبہ استقبالیہ پیش کر رہے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات،خصوصی اقدامات اسد عمر،وفاقی وزیر تعلیم و تربیت شفقت محمود، معاون خصوصی وزیر اعظم ڈاکٹر شہباز گل، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزرا ظہیر الدین خان،میاں خیال کاسترو،حافظ ممتا ز احمد،اجمل چیمہ، فیصل آباد ڈویژن کے تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی،اہم بیورو کریٹس،ڈویژنل و ضلعی انتظامی و پولیس حکام،مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز اور مختلف مکاتب فکر کے اہم افراد بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ آج کا دن فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد،جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کے ہر گھرانے کیلئے انتہائی خوشی کا دن ہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان ہمارے درمیان موجود اور فیصل آباد ڈویژن کے ہر گھرانے کو 10لاکھ روپے مالیت کی یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا نیا پاکستا ن قومی صحت کارڈ کے اجرا کا آغاز کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے جس چیز کا ارادہ کیا وہ کر دکھایا۔انہوں نے کرکٹ کا ورلڈ کپ جیتا، اپنی والدہ کو تکلیف میں دیکھ کر تین کینسر ہسپتال بنائے اور اب دکھی انسانیت کا احساس کرتے ہوئے دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا ہیلتھ پیکیج متعارف کروایا جس میں نہ کوئی اپنا دیکھا نہ پرایا،نہ غریب نہ امیر نہ ووٹر نہ سپورٹر بلکہ ہر شہری کو برابری کی بنیاد پر ہیلتھ کارڈ کی فراہمی شروع کی گئی جو ریاست مدینہ کی سب سے اہم خاصیت تھی۔انہوں نے کہاکہ اب تک پنجاب، اسلام آ باد اور کشمیر کے 20لاکھ افراد ہیلتھ کارڈ سے مستفید ہو چکے ہیں اور 46ارب روپے کے کلیمز کی ادائیگی بھی ہو چکی ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ ماضی میں کسی کے پیٹ میں درد ہوتا تھا تو وہ امریکہ، لندن، دوبئی جا کر قومی خزانے کی لوٹ مار کی رقم سے اپنا علاج کرواتا تھا لیکن ان بھگوڑوں کے برعکس عمران خان کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اسی لئے حکومت نے اعلیٰ ترین 900ہسپتالوں کو ہیلتھ کارڈ پینل پر رکھا جس سے 18کروڑ نفوس پر مشتمل 4کروڑ سے زائد خاندان مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے چار اقدام ایسے ہیں جنہیں دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے ان میں بلین ٹری سونامی پروگرام،260ارب روپے کا احساس پروگرام،کووڈ کے دوران کاروباری نظام زندگی جاری و ساری رکھنے کا انتظام اور ہیلتھ کارڈ کا اجرا شامل ہیں جن میں صرف پنجاب میں 400ارب روپے کا ہیلتھ کور فراہم کیا جائے گا جبکہ یہ کام نواز شریف اور شہباز شریف جیسے بڑھک باز بھی نہیں کر سکے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی قیادت میں سردار عثمان بزدار کی زیر نگرانی 750ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ سے انقلابی اقدامات اور تعمیر و ترقی کے منصوبوں پر عمل جاری ہے،ماں بچے کے 8ہسپتال بن رہے ہیں،سینکڑوں ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے،19یونیورسٹیاں بن رہی ہیں اور نواز شریف و شہباز شریف کے دور میں کھنڈر بن جانے والی سڑکوں کی اربوں روپے سے تعمیر شروع ہے اس طرح سر پر ہیٹ اور پاؤں میں لمبے جوتے پہن کر شو بازی کرنے والے کے برعکس عثمان بزدار نیخاموشی سے سب سے زیادہ کام کیا ہے اور اپنی کارکردگی کے لحاظ سے وہ ملک بھر میں پہلی پوزیشن پر ہیں۔انہوں نے کہاکہ جن چوروں اور لٹیروں نے مل کر باری باری ملک کو لوٹا اب ان کی جگہ ایوانوں میں نہیں بلکہ زندانوں میں ہے۔فرخ حبیب نے کہاکہ عمران خان ہماری اور ملک و قوم کی آخری امید ہیں اسلئے ہمیں مل کر عمران خان کو مضبو ط بنانا ہو گا تاکہ ملکی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و خوشحالی کا سفر جاری رہ سکے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو عوام کیلئے سوچ رہے ہیں اور عمران خان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو کبھی پرائیویٹ ہسپتالوں میں جانے کا سوچ نہیں سکتے تھے اب وہ علاج کروائیں گے اور خرچہ عمران خان حکومت ادا کرے گی۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes