شہری ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں سہیل اشرف

Published on July 3, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 112)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)حکومت پنجاب کی ہدایات پرضلع بھر میں اینٹی ڈینگی ڈے منایاگیا اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام مرکزی سیمینارمیٹروپولیٹن کارپوریشن ہال میں منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف نے کی۔سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سلیمان زاہد،سی او کارپوریشن زبیر حسین،ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ذوالقرنین، ڈویژنل فاریسٹ آفیسرز وجیہہ الدین،محمد علی بٹ،انچارج ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشنل سنٹر محمد صادق،ماہر تعلیم محمد اختر بٹ کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران، اساتذہ،ڈینگی فوکل پرسنز اور سول سوسائٹی کے افراد بھی شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے لئے بھر پور انتظامی و انسدادی اقدامات کر رہی ہے تاہم عوامی تعاون کے بغیر انسدادڈینگی میں کامیابی ممکن نہیں لہذا شہری ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ صاف ستھرا ماحول برقرار رکھ کر ڈینگی کے خطرات سے بچا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اینٹی ڈینگی ٹیمیں ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر ذمہ دارانہ انداز میں عمل پیرا ہیں،دفاتر،گھروں،گلی،محلوں،چھتوں اور لاروا کی افزائش کے مقامات کو باربار چیک کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اینٹی ڈینگی ڈے منانے کا مقصد انسدادی وحفاظتی اقدامات کو مزید چوکس کرنا ہے۔انہوں نے محکموں سے کہا کہ وہ کاغذی کارروائی سے گریز کرکے حقائق پر مبنی رپورٹنگ کریں۔ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر نے ملٹی میڈیا کے ذریعے ڈینگی لاروا کے انسداد کے بارے میں بریفنگ دی۔سیمینار سے اے ڈی سی جی اور سی ای او ایجوکیشن نے بھی خطاب کیا۔سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک منعقد ہوئی۔شرکاءنے ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیرپر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری اینٹی ڈینگی ٹیموں سے تعاون کرکے ڈینگی لاروا کی افزائش کا خاتمہ کرائیں۔انہوں نے کہا کہ گھروں میں ایئرکولرز،فریج کی ٹرے،پانی کی ٹینکیوں،گملوں،پانی جمع کرنے کے برتنوں اور چھتوں پر کاٹھ کباڑ وغیرہ کو مسلسل چیک کیا جائے۔انہوں نے گھروں کے مکینوں سے کہا کہ وہ شعوری انداز میں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں کسی جگہ پانی کھڑا نہ رہے کیونکہ موجودہ موسم ڈینگی لاروا کی افرائش کے لئے موافق ہے لہذا بھر پور احتیاط اور توجہ سے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی تلفی کے لئے ہر فرد کا کردار اہم ہے لہذاڈینگی کی آماجگاہوں کے خاتمے کے لئے شہری اپنے گھروں کے اندر صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے محکمہ صحت کے متعلقہ افسران اور انسدادڈینگی سٹاف کو خبردار ادا کیا کہ وہ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لئے تمام تر وسائل کے ساتھ غیر معمولی کوششیں کریں اس ضمن میں معمولی سی بھی غفلت کی گنجائش نہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes