کرپٹ حکمرانوں اور سیاستدانوں نے عوام کا معاشی قتل کرکے ان سے جینے کا حق چھین لیا ہے
اوکاڑہ (یو این پی/شیخ ندیم شیراز)جماعت اسلامی کے راہنماچوہدری عزیر سلیم نے کہا ہے کہ اہل اوردیانتدار قیادت کا بحران تمام بحرانوں سے زیادہ خطرناک ہے۔ کرپٹ حکمرانوں اور سیاستدانوں نے عوام کا معاشی قتل کرکے ان سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔دنیا کا بڑا زرعی ملک ہونے کے باوجود عوام غذائی قلت کا شکار ہو کر سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چوہدری عزیر سلیم نے کہا کہ گذشتہ دنوں آٹے کے ایک تھیلے کے حصول کے لیے دو افراد جان کی بازی ہارگئے ایسے گھمبیر حالات میں جماعت اسلامی عوام کیساتھ کھڑی ہے۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کی ترجمانی کی ہے۔ہم نے مظلوم عوام کا مقدمہ سڑکوں اور عدالتو ں میں لڑا ہے۔پاکستان کی عوام ہماری قیادت کا ساتھ دیں۔ ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں مسائل سے پاک کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گھروں کو صاف پانی کی فراہمی، سرکاری ٹرانسپورٹ، صحت و تعلیم کی فراہمی ہماری اولین ترجیجات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے اور آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے گھروں سے باہر نکلے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ جماعت اسلامی مروجہ پارٹیوں کی طرح نہیں بلکہ ہمارا مقصد اللہ تعالیٰ کے دیے گئے نظام کو غالب کرنا ہے۔ ہم اقامت دین کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ہمارا مقصد پاکستان میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے