وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی گوا میں ازبکستان کے ہم منصب بختیار سیدوف سے ملاقات

Published on May 5, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 70)      No Comments

نئی دہلی(یواین پی)وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی شہر گوا میں ازبکستان کے وزیرِ خارجہ بختیار سیدوف سے ملاقات کی ہے۔دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے دوران دو طرفہ دلچسپی کے امور سمیت اقتصادی اور علاقائی روابط بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ازبکستان کے ہم منصب بختیار سیدوف سے ملاقات میں افغانستان کی صورتِ حال بھی زیرِ غور آئی۔گوا میں وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سیکریٹری جنرل ژانگ منگ سے بھی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کی سرگرمیوں، مستقبل میں ترقی کے وژن، اصلاحات کا عمل زیرِ بحث آیا۔وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سیکریٹری جنرل ژانگ منگ شنگھائی تعاون تنظیم کی قیادت کے مینڈیٹ کی تکمیل کے حوالے سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔واضح رہے کہ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے گزشتہ روز 2 روزہ دورے پر بھارت کے شہر گووا پہنچے ہیں۔وزارتِ خارجہ کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ہے۔بھارتی وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام اور پاکستان میں سابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ نے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا گوار ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔جے پی سنگھ اب بھارتی وزارتِ خارجہ میں پاکستان، افغانستان اور ایران چیپٹر کے نمائندۂ خصوصی ہیں۔وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے روسی ہم منصب سرگئی لاروف نے گوا میں ملاقات کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاک روس تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور فوڈ سیکیورٹی اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ملاقات میں عوام کی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) وزارئے خارجہ کونسل کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گوا میں عشائیے کے دوران بھارتی ہم منصب جے شنکر سے ملاقات کی۔بلاول بھٹو کے پہنچنے پر جے شنکر نے اپنی نشست پر کھڑے ہو کر ان سے مصافحہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے مصافحے کے دوران خیر مقدمی کلمات کا تبادلہ بھی کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری روسی وزیرِ خارجہ سے ملاقات کے باعث عشائیے میں تاخیر سے پہنچے تھے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme