کوئٹہ میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی کوشش ناکام، حملہ آور ہلاک فورسز کی گاڑی جیسے ہی پوسٹ سے نکلی حملہ آور نے فائرنگ کی اور خود کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی

Published on March 23, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 695)      No Comments


کوئٹہ(یو این پی) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں کچ موڑ پر سیکیورٹی فورسز نے ایک خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی جیسے ہی کچ موڑ پر واقع چیک پوسٹ سے باہر نکلی تو ایک خودکش حملہ آور نے 2، 3 فائر کیے تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خودکش حملہ آور کو ہلاک کردیا۔دوسری جانب بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا اور حملہ آور کے جسم سے بندھی خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور کی جیکٹ میں 8 سے 10 کلو دھماکا خیز مواد موجود تھا۔سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوع کو بھی سیل کردیا اور وہاں سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔سیکیورٹی فورس کی کارروائی کے حوالے سے ڈی آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ بنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ میں سیکیورٹی خدشات موجود تھے جن سے ہم آگاہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ تمام تر ایونٹس کو مناسب سیکیورٹی فرہم کریں۔خود کش حملہ آور کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حملہ آور سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ کرنا چاہتا تھا جس پر سیکیورٹی فورسز نے حملہ آور کی ٹانگوں پر فائر کیا۔واضح رہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اکثر وبیشتر سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔رواں ماہ 18 جنوری کو بھی کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے قریب زرغون روڈ پر ایک پولیس ٹرک کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید جب کہ 17 زخمی ہوگئے تھے۔گذشتہ برس نومبر میں بھی کوئٹہ کے سریاب روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 5 افراد شہید اور ایف سی اہلکاروں سمیت 26 زخمی ہوگئے تھے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes